ژوب : گرین ٹریکٹر اسکیم کی قرعہ اندازی ، پہلے مرحلے میں 17 خوش نصیبوں کو ٹریکٹرز دئیے گئے

87

ژوب، 16 جون (اے پی پی ) :وزیراعلی بلوچستان کی جانب سے منظور شدہ گرین ٹریکٹر اسکیم کے تحت اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر  محمد قاسم کاکڑ کی صدارت اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زرعی انجینئرنگ طاہر جان کی نگرانی میں محکمہ زرعی انجینئرنگ دفتر ژوب میں وزیر اعلیٰ گرین ٹریکٹر اسکیم کی قرعہ اندازی کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے پہلے مرحلے میں 17 خوش نصیبوں کا انتخاب قرعہ اندازی کے ذریعے کیا گیا ۔ قرعہ اندازی کے اس تقریب میں 17 عدد ٹریکٹر حاصل کرنے کے لیے کل 239 زمینداروں نے حصہ لیا۔ قرعہ اندازی میں اہلیت کے لیے 12 ایکڑ زرعی زمین رکھنے والے زمیندار شامل تھے۔

 اس موقع پر اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر قاسم کاکڑ نے کہا کہ گرین ٹریکٹر اسکیم کا پروگرام شروع کرنے سے زمینداروں کو سہولت میسر ہوگا ،صوبائی حکومت زراعت اور زمینداروں کی ترقی کے لیے انقلابی اقدامات کر رہے ہیں جو کہ نہایت خوش آئند ہے۔انہوں نے  کہا کہ  بلوچستان ایک زرعی صوبہ ہے یہاں کے لوگوں کا دارومدار زراعت پر ہے، گرین ٹریکٹر پروگرام سے زمینداروں کو اپنے بنجر زمین کو کاشت کے قابل بنانے میں آسانی ہوگی۔

 قرعہ اندازی کی تقریب میں موجود شرکاء نے مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلی بلوچستان کے اس احسن و کسان دوست اقدام کو سراہا  اور وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال  کا شکریہ ادا کیا۔