قائداعظم اورعلامہاقبال کےخوابکےمطابق پاکستان میں رہنے والے سب برابر کے شہری ہیں؛صوبائی وزیر اعجاز عالم آگسٹین

31

لاہور، 17 جون (اے پی پی): صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے کہا کہ خواہاں ہیں کہ علامہ اقبال اور قائداعظم کا خواب سچا کرکے دکھائیں کہ پاکستان میں رہنے والے سب برابر کے شہری ہیں۔

ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں نجی ہوٹل میں پنجاب پارلیمنٹرینز ورکنگ گروپ آف انٹرفیتھ کی خصوصی نشست کے دوران کیا، اس نشست کا اہتمام وزارت انسانی حقوق نے یوتھ ڈیویلپمنٹ فاؤنڈیشن کے باہمی اشتراک سے کیا گیا۔

صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے کہا کہ اس وقت دنیا بھر میں سب سے زیادہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کشمیر میں ہورہی ہے اور بھارت میں پچھلے چار سالوں کے اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ گرجا گھروں کو جلایا گیا ہے، تحریک انصاف کے دور حکومت میں کوشش کر رہے ہیں کہ معاشرے میں بیگاڑ پیدا کرنیوالے عناصر کی بیخ کنی یقینی بنائی جائے۔

 سربراہ یوتھ ڈیویلپمنٹ فاؤنڈیشن شاہد رحمت نے تمام شرکاء کو نشست کے اغراض و مقاصد بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ اس سیشن کے بعد جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے مذہبی رہنماء اپنے اپنے ضلع وغیرہ میں جاکر مزید فعال کردار ادا کرسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں انٹرفیتھ ہارمنی کی پالیسی کو نافذ کردیا گیا ہے، تیزاب کی روک تھام کے لئے باقاعدہ قانون سازی کے ساتھ تیزاب کی خرید و فروخت کی ممانعت یقینی بنا رہے ہیں، فلاحی اداروں کو چاہیئے کہ وہ جنوبی پنجاب کے علاقوں میں بھی اس طرح کی نشستوں کا اہتمام کریں تاکہ احساس محرومی کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔

اس موقع پر ایم پی اے سبین گل نے کہا کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں پارلیمانی گروپ میں مذہبی اقلیتوں کے نمائندگان کو شامل کیا گیا ہے، جنوبی پنجاب کی بات کی جائے تو ملتان او ر بہاولپور میں اس طرح کی نشستوں سے ہم ایک دوسرے کے مزید نزدیک آسکتے ہیں۔

ممبر صوبائی اسمبلی عظمیٰ کاردار کا کہنا تھا کہ اسطرح کی نشست کا اہتمام کرنے پر صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین کے شکر گزار ہیں، پاکستان کے جھنڈے میں سفید رنگ کا مطلب مذہبی اقلیتوں کا وجود ہے جو کہ سبز رنگ کو بھی سنبھالے ہوئے ہے۔

 ایم پی اے عائشہ نوازچوہدری، سعدیہ سہیل اورنیلم حیات سمیت جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے ہندو،مسیحی،مسلم مذہبی رہنماؤں پر مشتمل 12ارکان کے وفد نےاس نشست میں  شرکت کی۔