اسلام آباد،18 جون (اے پی پی ): متبادل توانائی کے شعبے کی بہتری کیجانب ایک اور پیش رفت، پاور ڈویژن اور جرمنی کے ادارے جی آئی زیڈ کے درمیان معاہدہ طے پاگیا،جی آئی زیڈ متبادل توانائی کے شعبے میں وزارت توانائی اور اس کے اداروں کو تکنیکی معاونت فراہم کرے گا، منصوبے کا مقصد پاکستان میں توانائی کے شعبے میں بہتری لانے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
سیکرٹری پاور ڈویژن علی رضا بھٹہ، جی آئی زیڈ کے کنٹری ڈائریکٹر نے معاہدے کی تقریب میں شرکت کی ۔اس موقع پر سیکرٹری پاور ڈویژن علی رضا بھٹہ نے کہا کہ سی سی آئی سےمنظور ہونے والی نئی متبادل توانائی پالیسی ملکی توانائی کے شعبے میں ایک سنگ میل ہے، متبادل توانائی پالیسی سے 2030 تک متبادل ذرائع سے 30 فیصد بجلی پیدا کی جائے گی۔
انہوں نے متبادل ذرائع سے بجلی کی پیداوار میں بہتری کے لئے پاکستان کی استعدادکار بڑھانے پر زور دیا اور کہا کہ جی آئی زیڈ اور وزارت توانائی کے درمیان تعاون سے متبادل ذرائع سے پیداوار میں بہتری لانے میں مدد ملے گی ۔
کنٹری ڈائریکٹر جی آئی زیڈ نے کہا کہ معاہدے سے کلین انرجی ٹیکنالوجیز کی ترقی میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ منصوبے سے پاکستان کی دیہی علاقوں میں بجلی فراہمی کی حکمت عملی سمیت قومی گرڈ سے منسلک سولر پاور پلانٹس کی پروموشن میں بھی مددملے گی ۔