صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی  سے ایم ڈی بیت المال کی قیادت میں وفد کی ملاقات ،صدرمملکت کا پاکستان بیت المال کی اہمیت اور کارکردگی اجاگر کرنے پر زور

34

کراچی۔18جون  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان بیت المال کی اہمیت اور کارکردگی اجاگر کرنے پر زور دیاہے تاکہ زیادہ سے زیادہ غریب اور مستحق افراد اس سے استفادہ حاصل کرسکیں، اس سلسلے میں عوامی آگاہی کے لئے خصوصی پروگرام ترتیب دینے کی ضرورت ہے کیونکہ آبادی کا بڑا حصہ بیت المال کی خدمات سے متعلق آگاہ نہیں ہے۔ یہ بات انہوں نے مینیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال ملک ظہیر عباس کھوکھر کی قیادت  میں جمعہ کو یہاں گورنرہائوس میں ملاقات کے لئے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفد میں ڈاکٹر عدنان مجید اور دیگر بھی شامل تھے۔ صدرمملکت نے کہا کہ عام طور پر یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ 18ویں ترمیم کے بعد بیت المال کے فنڈز غریب افراد کے علاج معالجہ کے لئے استعمال نہیں کئے جاسکتے۔ انہوں نے کہ کہ ا اس غلط فہمی کو درو کیا جانا چاہیئے تاکہ بیت المال کے فنڈز سے مستحقین کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ انہوں نے واضع کیا کہ گذشتہ سال 30 سے 35 کروڑ روپے مستحقین کے علاج معالجہ کے لئے بیت المال سے جاری کئے گئے۔ صدرمملکت نے مزید کہا کہ غریب اور نادار افراد کی مدد کے لئے بیت المال کا مذید فعال ہونا ضروری ہے۔ قبل ازیں مینیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال نے صدرمملکت کو بیت المال کی خدمات سے آگاہی فرہم کی۔