کراچی،18جون (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جمعہ کو احساس پناہ گاہ کورنگی کا اچانک دورہ کیا اور وہاں ضرورت مند افراد کے لئے فراہم کردہ رہائش اور طعام کی سہولیات کا جائزہ لیا، یہ پناہ گاہ احساس پروگرام اور پاکستان بیت المال کا مشترکہ منصوبہ ہے جہاں 100 افرد کی رہائش کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ 300 سے زائد ضرورت مندوں کو بلامعاوضہ دو وقت کے کھانے کی سہولت بھی دستیاب ہے۔
صدر مملکت نے احساس پناہ گاہ میں رہائش کے لئے آنے والوں کی رجسٹریشن کے طریقہ کار سے متعلق معلومات حاصل کیں اور رہائشی کمروں اور دیگر سہولیات کا معائنہ کیا۔
ڈاکٹر عارف علوی اس موقع پر وہاں موجود لوگوں کے ساتھ گھل مل گئے، گفتگو کی اور ان کے ساتھ بیٹھ کر کھانا بھی کھایا۔ پناہ گاہ کے لئے کھانے کا انتظام خیراتی ادارے ”اللہ والے” کے تعاون سے کیا جارہا ہے۔
اس موقع پر مینیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال ملک ظہیر عباس کھوکھر اور ادارے کے دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔