ملتان؛کمپریہنسیو سکول روڈ پر پلکن کے 100 درختوں کی شجرکاری کردی گئی

24

ملتان، 19 جون (اے پی پی):گرد،گرما کی دھرتی کو سبز رنگوں کی زمین بنانے کیلئے کمشنر، پی ایچ اے ہمقدم،  کمپریہنسیو سکول روڈ پر پلکن کے 100 درختوں کی شجرکاری کردی گئی ہے۔

اس موقع پر  کمشنر جاوید اختر محمود نے کہا کہ شہر اولیا میں ابتک 5500 سے زائد تیار درختوں کی شجرکاری کی جاچکی ہے، شہر اولیاء میں 5 مایاواکی جنگلوں پر کام جاری ہے۔انہوں  نے کہا ڈویژن کے سرکاری سکولوں و ہسپتالوں میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد پودے لگائے گئے ہیں، ملتان کا درجہ حرارت 2 سینٹی گریڈ کم کرکے رہوں گا، پی ایچ اے کو مالی مستحکم کرنے کیلئے ترقیاتی سکیموں کا 1 فیصد دیا جارہا ہے، محکمہ لوکل گورنمنٹ نے 23 لاکھ روپے سے زائد کی ادائیگی پی ایچ اے کو کر دی ہے۔

شجرکاری کے موقع پر سیکرٹری ایجوکیشن ڈاکٹر احتشام انور بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو صاف ماحول کی فراہمی کیلئے تمام مکاتب فکر کو اپنی ذمہ داری نبھانہ ہوگی۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں گرین بک کے نام سے ششم جماعت میں کورس کتاب شامل کی جارہی ہے جبکہ اس سڑک کو شاہراہ علم کا نام دینا زیر غور ہے۔

چیئرمین پی ایچ اےشفقت رضا نے کہا کہ پچھلی حکومتوں نے شجرکاری پر توجہ نہیں دی جبکہ پی ٹی آئی حکومت نے شجرکاری کو قومی پالیسی بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے جنگی بنیادوں پر شہر میں شجرکاری کر رہی ہے  ، تمام درختوں کی حفاظت کا میکنزم تیار کیا گیا ہے۔