جلالپورپیروالا، 20 جون (اے پی پی ): اے ڈی سی ملتان قمرالزمان قیصرانی نے اتوار کو یہاں جلالپورپیروالا میں سہولت بازار کا دورہ کیا اور سہولیات کا جائزہ لیا۔اسسٹنٹ کمشنر مدثر ممتاز ہرل نے سہولت بازار میں سہولیات کے بارے میں اے ڈی سی کو بریفنگ دی اور کہا کہ سہولت بازار میں عوام کیلئے سستی اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔
اس موقع پر اے ڈی سی ملتان قمرالزمان قیصرانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایات ہیں کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سبسڈی دی جائے اور سہولت بازار کے زریعے ہی عوام کے لئے سستی اشیاء ضروریہ کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے جلال پور کے سہولت بازار میں دیکھا ہے کہ یہاں تمام سہولتیں موجود ہیں اور خریداری بھی ہورہی ہے، یہاں بہترین انتظامات پر اسسٹنٹ کمشنر جلال پور اور ان کی ٹیم شاباشی کی مستحق ہے۔
اس کے علاوہ اے ڈی سی قمرالزمان قیصرانی نے سہولت بازار میں لگے آٹا، چینی، سبزی، فروٹ اور گوشت کے سٹال پر جاکر سہولیات کا جائزہ لیا اور خریداروں سے بات چیت بھی کی۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر مدثر ممتاز ہرل نے کہا کہ سہولت بازار میں عام بازار سے کم ریٹ پر اشیاء ضروریہ دستیاب ہیں ۔اس جانب پہلے کی نسبت عوام اب زیادہ توجہ دے رہی ہے اور ہماری مزید کوشش ہے کہ سہولت بازار میں تمام اشیاء ضروریہ کو مہیا کریں۔
بعدازاں اے ڈی سی قمرالزمان قیصرانی نے اسسٹنٹ کمشنر آفس میں ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے افسران و دیگر سے میٹنگ بھی کی ۔۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر مدثر ممتاز ہرل، تحصیلدار عامر مجتبٰی خان، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی پیر مصلح الدین شاہ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی چن و دیگر بھی موجود تھے ۔