سیالکوٹ،20 جون(اے پی پی):پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 38سیالکوٹ سے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر قیصر اقبال بریار نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کا مکمل ادارک ہے، سیاست میں آنے کا مقصد عمران خان کے ویژن ، مقصد اور عوام دوست بیانیہ ہے ۔
اتوار کو یہاں پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ونگ کے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرا تعلق سیالکوٹ کے ایک مڈل کلاس گھرانے سے ہے اور میں نے پرائمری سے لیکر کالج تک تعلیم گورنمنٹ کے تعلیمی اداروں میں حاصل کی ، عوامی مسائل کا مکمل ادارک ہے سیاست میں آنے کا مقصد عمران خان کے ویژن ، مقصد اور عوام دوست بیانیہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کے ساتھ ہی برطانیہ کی شہریت منسوخ کرنے کی درخواست دے دی اور کاغذات نامزدگی میں کچھ نہیں چھپایا اور نیشنلیٹی چھوڑنے کے کاغذات ریٹرنگ آفیسر کو جمع کروائے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کاغذات نامزدگی کینسل ہونے کے بعد الیکشن ٹریبونل سے انصاف کی پوری امید ہے، الیکشن ٹریبونل میرےموقف کی تائید کریگا اور مجھے عوام کی خدمت کیلئے الیکشن لڑنے کی اجازت دیگا ۔
قیصر اقبال بریار نے کہا کہ میرا جینا مرنا اپنے ملک کیلئے ہے، گذشتہ 20سال سے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی مختلف کمیٹیوں کا سربراہ رہا اور رواں سال صدر چیمبر منتخب ہوا اور عوام کی خدمت کیلئے برٹش نیشیلٹی چھوڑ کر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے نظریہ اور بیانیہ سے اتفاق کرتا ہوں اور پی ٹی آئی میں نظریاتی بنیاد پر شمولیت اختیار کی ہے ۔
قیصر اقبال بریار نے کہا کہ عمران خان کی حکومت کا مشکل وقت گزر چکا ہے، سارے شعبہ جات کے انڈیکیٹرز مثبت ہیں، ملک معاشی طور ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے اور معاشی استحکام کے ساتھ ملک سے بیروزگاری اور غربت کا خاتمہ ممکن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میرا گھراورآفس پی پی 38میں ہے، میرے دروازے عوام کیلئے دن رات کھلے ہیں ، عوامی مسائل کا حل میری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے سیاست دانوں کی طرح نوجوانوں کو نوکریوں کا خواب نہیں دکھاؤں گا بلکہ اپنے جوانوں کو ہنر مند بنا کر اپنے کاروبار کرنے کے قابل بنائیں گے تاکہ وہ ملکی معیشت میں اپنا کردار اداکرسکیں، اس مقصد کیلئے سیالکوٹ میں آئی ٹی پارک بنانے جارہے ہیں جہاں پر نوجوانوں کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔