اسلام آباد،20جون (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے، ماضی میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کو پاکستان سے جوڑا جاتا تھا، اب ہم جدید ٹیکنالوجی کی حامل مصنوعات برآمد کرنے والا ملک بن چکے ہیں، ایکسپو دبئی 2020ءپاکستان کے بیش بہا پوشیدہ خزانوں کو دنیا کے سامنے آشکار کرنے کا بہترین موقع ہے، پاکستان پویلین کے ذریعے ملک کا مثبت اور ترقی پسندانہ تشخص اجاگر کرنے میں مدد ملے گی، یہ پاکستان کے لئے ایک عظیم موقع ہے کہ وہ دنیا کے سامنے ایک شفاف اور تیزی سے ترقی کرتے ہوئے ملک کے وسیع امکانات کو پیش کر سکے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں مقامی ہوٹل میں ایکسپو 2020 دبئی کے لئے پاکستان پویلین اور اس کے لوگو کی تقریب رونمائی سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وزیراعظم کے مشیرخزانہ عبدالرزاق دائود، ٹریڈ ڈییویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈیپ) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عارف احمد خان، پاکستان میڈیا، ٹریڈڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان ایکسپو 2020 کے پیٹرن کے ٹرسٹیز اور ایڈوائزری کمیٹی کے اہم عہدیداران نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ وزارت اطلاعات وزارت تجارت کے ساتھ ایکسپو 2020 میں پاکستان کے پویلین کو کامیاب بنانے کے لئے مکمل طور پر پارٹنر شپ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں ایکسپو بہت ہوتی رہی ہیں اور ایکسپوز کی ایک پوری تاریخ ہے۔ انہوں نے حوالہ دیا کہ 1876 میں گراہم بیل نے اپنا فون اسی طرح کے ایک میلے میں روشناس کروایا تھا، 1939ءمیں پہلی بار لائیو ٹی وی کی ٹرانسمیشن نیویارک کے اسی طرح کے ایک میلہ میں دکھائی گئی تھی، 2005 میں جاپان میں ایچ ڈی ٹی وی پیش کیا گیا اور اس سے کمیونیکشن میں تبدیلی آئی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اس طرح ایکسپوز اپنے آپ کو برانڈ کرنے اور مختلف ممالک کو اکٹھا ہونے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان حکومت ملک کو ترقی کی راہ پر آگے لے جانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے، ماضی میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کو پاکستان سے جوڑا جاتا تھا، اب ہم جدید ٹیکنالوجی کی حامل مصنوعات برآمد کرنے والا ملک بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 26 فروری کو پاکستان میں جب کووڈ کا پہلا کیس سامنے آیا تو اس وقت ہم کووڈ سے بچائوکے لئے کوئی چیز خود تیار نہیں کر رہے تھے لیکن اگلے چار ماہ کے دوران پاکستان نے مختلف نجی کمپنیوں کے ساتھ مل کر کووڈ مصنوعات تیار کیں اور ہم کووڈ مٹیریل برآمد کرنے لگے۔
چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ایکسپو یو اے ای میں ہو رہی ہے جو پاکستانیوں کے لئے دوسرا گھر ہے، پاکستان کی بہت بڑی کمیونٹی متحدہ عرب امارات میں رہائش پذیر ہے جنہیں ایکسپو میں پاکستان کے سب سے بڑے پویلین میں جانے کا موقع ملے گا اور اسی طرح دیگر ممالک کے لوگ بھی پاکستانی پویلین کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت میں بہت اضافہ ہوگیا ہے، سکردو کے تمام ہوٹلوں میں کمرے بک ہوچکے ہیں تاہم بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے تاکہ سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کی ضروریات کو پورا کیا جاسکے، ہمیں انویسٹرز کی ضرورت ہے جو پاکستان میں ہوٹل اور ریزورٹس بنائیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے مشیر تجارت رزاق دائود اور دیگر شراکت داروں کی ایکسپو کی کامیابی کے لئے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نجی شعبہ کے ساتھ مل کر ایک ارب روپے سے زائد رقم جمع کی اور قومی خزانے پر بوچھ نہیں ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہے کہ پاکستان کو ہم برانڈ کررہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کی حکومت پاکستان کو ایک ایمرجنگ برانڈ سمجھتی ہے۔
قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر تجارت عبدالرزاق دائود نے کہا کہ ہمارا پویلین سرمایہ کاروں اور سیاحوں کو پاکستان کی جانب راغب کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پرائیوٹ سیکٹر سے ایکسپو 2020 کے لئے ایک ارب روپے سے زائد سرمایہ جمع کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پرائیوٹ سیکٹر سے لوگوں نے بڑھ چڑھ کر اپنی دلچسپی ظاہر کی ہے اور اس کا اندازہ ان کی جانب سے دی جانے والی ایک بڑی رقم سے بھی لگایا جاسکتا ہے۔ عبدالرزاق دائود نے کہا کہ کہ ایکسپو 2020ءدبئی کے 6 ماہ کے دوران پویلین کے مختلف ہالوں میں بہت سی ثقافتی تقریبات اور کاروباری سیمینار منعقد کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پویلین ملک کا روشن خیال، ترقی پسند، متنوع اور خوبصورت تشخص بھرپور انداز میں دنیا کے سامنے اجاگر کرے گا۔
ٹی ڈیپ کے چیف ایگزیکٹوآفیسر عارف احمد خان نے خطبہ استقبالیہ میں کہا کہ چھ ماہ تک جاری رہنے والے اس ایکسپو میں دنیا بھر سے ڈھائی کروڑ سے زائد لوگوں کی شرکت متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پویلین کا مرکزی خیال “پاکستان کے پوشیدہ خزانے” ہے اور پرکشش اور دلفریب عکاسی کے ساتھ پاکستان کے تاریخی، تہذیبی، فنی اور معاشرتی پہلوﺅں کو پر کشش اور مسحور کن انداز میں پیش کیا جائے گا۔ اس پویلین کا مقصد دنیا کو پاکستان میں سیاحت، سرمایہ کاری اور تجارت کے امکانات کے وسیع اور پرکشش مواقع سے روشناس کرانا ہے۔ ایکسپو 2020ءدبئی، یو اے ای میں یکم اکتوبر 2021 سے 31 مارچ 2022ء تک جاری رہے گی۔ اس نمائش کا موضوع :ذہنوں کا ملاپ اور مستقبل کی تخلیق” ہے۔