لاہور، 21جون(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پارٹی ایک ہے،اپوزیشن کے ارمان کبھی پورے نہیں ہوں گے، پراپیگنڈا کی سیاست اپوزیشن کا وطیرہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے رکن پنجاب اسمبلی خواجہ محمد داؤد سلیمانی سے ملاقات کے دوران کیا ۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ لوٹ مار کر کے ذاتی تجوریاں بھرنے والے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا شرانگیز بیانیہ بری طرح پٹ چکا ہے، وزیراعظم عمران خان 22 کروڑ عوام کے دل کی آواز ہیں،اپوزیشن جتنا مرضی شور مچائے، حکومت مدت پوری کرے گی۔
عثمان بزدار نے کہا کہ منتخب نمائندوں کو ان جائز حق دیں گے، وزیر اعظم عمران خا ن کی قیادت میں عوامی خدمت کے سفر کو تیزی سے آگے بڑھائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ سابق حکومتوں نے چھوٹے شہروں کو ترقی کے سفر سے محروم رکھا، ہماری حکومت نے جنوبی پنجاب اور دیگر پسماندہ شہروں کی جانب وسائل کا رخ موڑا ہے، پسماندہ اضلاع کی محرومیوں کاا زالہ کریں گے۔
رکن پنجاب اسمبلی خواجہ محمد داؤد سلیمانی نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیااور کہا کہ آپ میرے لیڈر ہیں، آپ کی قیادت میں پنجاب یکساں ترقی کررہا ہے، آپ نے ہمیشہ ہماری بات سنی اور مسائل حل کئے ہیں، آپ نے ہمیں عزت و احترام دیا ہے۔
ملاقات میں وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے ان کو حلقے کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی۔











