ملتان ؛ قبرستانوں کی زمینوں پر قابض مافیا کے خلاف آپریشن لانچ کر دیا گیا

15

ملتان، 22جون(اے پی پی ):قبرستانوں کی زمینوں پر قابض مافیا کے خلاف آپریشن لانچ  کر دیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی ہدایت پر قبرستان بی بی پاکدامن اور پیر عمر میں قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کے دوران قبرستان میں تعمیر کئے گئے دو گھر مسمار کر دئے گئے۔اس کے علاوہ قبرستان کے اندر جاری تعمیرات رکوا دی گئیں۔

آپریشن کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر سٹی خواجہ محمد عمیر محمود نے کی۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی شخص کوقبرستان کے اندر ناجائز تجاوزات کی اجازت نہیں دی جائے گی،قبرستانوں کا تقدس بحال رکھا جائے اور قبروں کے اوپر تعمیر کئے گئے گھر گرا دئیے جائیں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ مرحلہ وار شہر کے تمام قبرستانوں میں قائم عارضی اور مستقل تجاوزات کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔