نارووال،25 جون( اے پی پی): چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کے ویژن کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نارووال صادق مسعود صابر نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، سنئیر سول ججز، سول ججز ,صدر اور سیکریٹری بار ایسوسی ایشن نارووال کے ہمراہ سیشن کورٹ نارووال میں ڈے کئیر سنٹر کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے کہا کہ ڈے کئیرسنٹر کے قیام کا بنیادی مقصد خواتین ججز کے چھوٹے بچوں کی مناسب دیکھ بھال اور اُن کو گھرجیسا ماحول فراہم کرنا ہے، تاکہ ان کی بہترین تربیت اور پرورش ہو سکے، ڈے کئیر سنٹر کے قیام سے خواتین ججز کی صلاحیتوں کو زیادہ کارآمد بنانے اور اُن میں بچوں کے تحفظ کے احساس کو اُجاگر کرنے کے لئے بھرپور مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ ڈے کئیرسنٹر کے قیام سے خواتین جوڈیشل افسران اور خواتین ملازمین اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے سر انجام دے سکیں گی اور اپنی پوری توجہ اپنے فرائض منصبی پر مرکوز کرسکیں گی، کیونکہ ان کے دل میں اپنے بچوں کی تربیت و دیکھ بال کے بارے میں کسی قسم کا اندیشہ نہ ہوگا۔
اس موقع پرتمام جوڈیشل افسران خصوصاََ خواتین ججز نےخوشی کا اظہار کرتے ہوئے فاضل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کا شُکریہ ادا کیا اور کہا کہ اب وہ پوری لگن اور تندہی سے اپنے فرائض منصبی سر انجام دےسکیں گی، اور اس سے اُن کی دیرینہ خواہش پوری ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈے کئیر سنٹر کا قیام فاضل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے مثبت ویژن کی عکاس ہے اور وہ اُمید کرتی ہیں کہ اسی طرح کے مفاد عامہ والے کام اور منصوبے تکمیل میں لاتے رہیں گے۔