ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو مزید 7 نکاتی نیا ایکشن پلان دیا ہے ،ہم ابھی گرے لسٹ میں برقرار ہیں اور بلیک لسٹ میں جانے کا کوئی خطرہ نہیں؛ وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر

13

اسلام آباد،25جون  (اے پی پی):وفاقی وزیرِ توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو مزید 7 نکاتی نیا ایکشن پلان دیا ہے تاہم ہم ابھی گرے لسٹ میں برقرار ہیں  جبکہ بلیک لسٹ میں جانے کا کوئی خطرہ نہیں، نیا ایکشن پلان انسداد منی لانڈرنگ سے متعلق ہے، پاکستان کو مشکل ترین پلان ملا، دیگر ملکوں کی نسبت  سے زیادہ پیشرفت پاکستان نے ہی کی ہے، ایف اے ٹی ایف اور عالمی برادری نے ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے  پاکستان کی کارکردگی کو سراہا ہے۔

جمعہ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ فروری 2018ء میں ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو مشکل ترین پلان دیا تو اس وقت ہماری حکومت نہیں تھی ،اس کے باوجود موجودہ حکومت نے پہلے ایکشن پلان پر عملدر آمد کے زریعے  27 میں سے 26 نکات پر عمل کرچکے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پر کسی قسم کی پابندیاں نہیں لگائی گئی ،فیٹف اور دنیا نے پاکستان کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بلیک لسٹ میں جانے کا کوئی خطرہ نہیں ،فیٹف صدر نے تسلیم کیا پاکستان  نے مثالی کردار ادا کیا۔

حماد اظہر نے کہا کہ گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے پہلے اور موجودہ ایکشن پلانز پر عملدرآمد ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ فیٹف نے پاکستان کو  نیا ایکشن پلان دیا ہے جو انسداد منی لانڈرنگ سے متعلق ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلئے دو سال درکار ہوتے ہیں تاہم ہم نے دو کی  بجائے ایک سال کا ہدف مقرر کیا ہے۔انشاء اللہ ایک سال کے اندر ہم یہ آسان ہدف حاصل کر لینگے۔

وفاقی  وزیر حماد اظہر نے کہا  کہ پہلے ایکشن پلان میں پاکستان  27میں سے 2 6نکات  جبکہ دوسرے ایکشن پلان کے 82میں سے 75نکات  پر عمل کر چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گرے لسٹ میں ہونے کی وجہ سے پاکستان پر کسی قسم کی پابندیا ں عائد نہیں ہونگی اور وائٹ لسٹ میں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جتنے نکات پر عملدرآمد کی ہے کوئی بھی ملک  دو سال کے عرصہ میں یہ ہدف حاصل نہیں کر سکتا۔

حماد اظہر نے کہا کہ  فیٹف کے پلیٹ فارم پر بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہوگیا، سب کو پتا ہے بھارت کا یہی مقصد ہے  کہ وہ فیٹف پلیٹ فارم کو سیاست زدہ کرے، بھارت کی حرکتیں واضح ہوچکی ہیں ۔انہوں  نے  کہا  کہ فیٹف نمائندگان کو بھی بھارت کی حرکتیں معلوم ہوچکی ہیں، بھارت کی ایک ہی کوشش ہے پاکستان کو کسی طرح بلیک لسٹ کرے، پاکستان کے بہترین اقدامات کی وجہ سے بھارت کو منہ کی کھانا پڑی۔

 حماد اظہر نے واضح کیا کہ منی لانڈرنگ کے حوالے سے کوئی دو رائے نہیں، اس حوالے سے سخت ترین قوانین وضع کریں گے۔

 اس موقع پر فیٹف پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل خواجہ عدنان ظہیر، ڈی جی نیکٹا طارق حسن اور وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل بھی موجود تھے۔