اسلام آباد،25جون (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن اور پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کی تکنیکی اپ گریڈیشن اور جدت سے متعلق جاپان اور پاکستان کے مابین مشترکہ منصوبوں پر جلد عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور جاپان چھ دہائیوں پر محیط ہمہ جہت فعال شراکت داری کے حامل ملک ہیں۔
یہ بات انہوں نے جمعہ کو ملاقات کے لئے آئے جاپان کے سفیر کنی نوری متسودا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے جاپان کے سفیر کو بتایا کہ پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی)، پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن (پی بی سی) اور ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان(اے پی پی ) کو عصر حاصر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت معروف بین الاقوامی خبر رساں اداروں کی طرز پر اے پی پی کو پریمیم نیوز ایجنسی میں تبدیل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ملک کے بڑے شہروں میں 11 جدید اسٹوڈیوز کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس کا مقصد اے پی پی کی جدید ترین ویڈیو نیوز سروس کی تشکیل اور استحکام ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے جاپان کے سفیر کو میڈیا ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے قیام کے لئے حکومتی اقدام کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ انسانی وسائل کی تربیت کی فراہمی میں جاپان کا تعاون ضروری ہوگا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے گیمنگ اور اینی میشن کے میدان میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے فلم، ڈرامہ، پوڈ کاسٹ اور جوائنٹ پروڈکشن کے شعبوں میں جاپان کے ساتھ مشترکہ منصوبوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات اور جاپان کے سفیر نے میڈیا اور اطلاعات کے شعبوں میں پاکستان اور جاپان کے مابین جاری مشترکہ منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ جاپان کے سفیر کنی نوری متسودا نے گیمنگ اور اینی میشن کے شعبوں میں تعاون کیلئے جاپان کی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جاپانی کمپنی کاڈوکاوا پاکستان میں بالخصوص اینی میشن اور انٹرٹینمنٹ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہے۔
چوہدری فواد حسین نے کہا کہ اس شعبہ میں جاپان کی مہارت اور تجربات سے فائدہ اٹھانے کے خواہاں ہیں۔ جاپان کے سفیر نے وفاقی وزیر اطلاعات کو بتایا کہ ”این ایچ کے“ آئندہ سال جاپان اور پاکستان کے مابین سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان میں اردو سروس کا آغاز کرے گا۔ جاپان کے سفیر نے دونوں ممالک کے مابین ٹیکنالوجی کے شعبے میں اقدامات کے حوالے سے وفاقی وزیر کے تعاون کو سراہا۔
وفاقی وزیر نے جاپان کے سفیر کو پاکستان میں ”ٹرانگو مین“ فلم کی تیاری اور شوٹنگ کیلئے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔