لاہور 25 جون(اے پی پی): وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار سے 60 سے زائد اراکین اسمبلی نے ملاقاتیں کیں جن میں خواتین اراکین اسمبلی بھی شامل تھیں۔ منتخب نمائندوں نے عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مبارکباد دی۔
وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کے پسماندہ علاقوں کی محرومیاں دور کرکے ترقی یافتہ شہروں کے برابر لائیں گے، ترقی اور خوشحالی پنجاب کے ہر شہری کا بنیادی حق ہے، ہمارے دور میں کوئی علاقہ ترقی سے محروم نہیں رہے گا،تحریک انصاف کی حکومت نے عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنایا ہے سابق دور میں صوبے کے عوام کو ترقیاتی منصوبوں کے نام پر دھوکہ دیا گیا،صوبے کے عوام کے بنیادی مسائل سے پہلو تہی کی گئی لیکن عوام کے بنیادی مسائل حل نہ کئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ سابق دور کی غلط پالیسیوں کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑا، ماضی کی طرح اب صوبے میں ذاتی پسند و ناپسند نہیں بلکہ میرٹ اور گورننس کی حکمرانی ہے، اپوزیشن صرف نان ایشوز پر سیاست کر رہی ہے، بجٹ میں کمزورطبقے کے تحفظ کو یقینی بنایا گیاہے، عام آدمی کی معاشی مشکلات کا ازالہ ہماری پہلی ترجیح ہے، تنقید کی پروا کئے بغیر عوام کی خدمت کے سفر کومزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔
اس کے علاوہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ارکان اسمبلی کی تجاویز نوٹ کیں اور فوری عملدرآمد کے احکامات جاری کئے۔