پاکستان اور ازبکستان تاریخی اور ثقافتی تعلقات میں جڑے ہیں؛ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور

33

لاہور، 26 جون(اے پی پی):گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ ازبکستان سے افغان شہر مزار شریف، پشاور تک ریلوے کوریڈورکا منصوبہ تاریخی منصوبہ ہے، پاکستان اور ازبکستان تاریخی اور ثقافتی تعلقات میں جڑے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب چوہدری سرور  نے   ازبکستان کے ڈپٹی گورنر، ڈپٹی وزراء اور بزنس مینوں کے13رکنی وفد کو دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب میں کیا۔ چوہدری محمدسرور سے ملاقات میں ازبکستان کی بزنس کیمونٹی نے مختلف شعبوں میں سر مایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا اور دونوں ممالک نے تجارت، معیشت ، ثقافت سمیت باہمی مفادات کے تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔  وفد نے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے کیے جانیوالے حکومتی اقدامات کو سراہا۔

گورنر پنجاب چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ ازبکستان سے افغان شہر مزار شریف، پشاور تک ریلوے کوریڈورکا منصوبہ تاریخی منصوبہ ہے، ریلوے کوریڈور منصوبے سے چین اور یورپ تک تجارتی راستوں کو ہموار کیا جا سکے گا پاکستان میں سر مایہ کاری کر نیوالے غیر ملکی سر مایہ کاروں کو سیکورٹی سمیت تمام سہولتیں دیں گے ازبکستان اور پاکستان کو تجارتی، معاشی اور توانائی کے شعبوں میں مزیدتعاون بڑھانا ہوگا جبکہ  پاکستان اور ازبکستان تاریخی اور ثقافتی تعلقات میں بھی جڑے ہیں۔

ڈپٹی گور نرصوبہ نمنگن انامو اوکبجون نے کہا کہ ہمارے سر مایہ کار پاکستان میں مختلف شعبوں میں پہلے بھی سر مایہ کاری کر رہے ہیں لیکن اب اسکو فروغ دیں گے، ازبکستان کی حکومت صحت سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کا بھر پور ساتھ دے رہی ہے، سیاحت کے فروغ اور ازبکستان سے ساتھ ثقافتی روابط کو مزید تقویت مل رہی ہے۔