ملتان ریجن کو جرائم سے پاک رکھنے کے لیے پولیس افسران اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا بہترین استعمال کریں؛: آر  پی او سید خرم

17

ملتان ،26  جون (اے پی پی ):  ریجنل پولیس آفیسر سید خرم علی نے کہا ہے کہ ملتان ریجن کو جرائم سے پاک رکھنے کے لیے پولیس افسران اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا بہترین استعمال کریں، باصلاحیت ، نڈراور اپنے کام سے مخلص افسران کو اپنی ٹیم کا حصہ بنائیں ۔

یہ بات انہوں نے اپنے کمیٹی روم میں ماہانہ کرائم میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

ریجنل پولیس آفیسر نے کہا کہ سنگین جرائم پر قابو پانے کے لیے ان جرائم میں ملوث افراد کو سخت سزائیں دلوانے کے لیے خامیوں سے پاک مضبوط مقدمات قائم کئے جائیں تاکہ ملزمان قانون کی گرفت سے آزاد رہنے کے  بجائے جیلوں میں سزائیں بھگتیں۔

 انہوں نے کہا کہ قتل،ڈکیتی ،راہزنی اور ریپ کیسز میں سینیئر افسران خود تفتیشی امور کی نگرانی کریں اور ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لیے تفتیش کے ہر پہلو پر نظر رکھیں۔

 ریجنل پولیس آفیسر نے ہدایت کی کہ کرائم سین کو محفوظ کرنے کے لیے فوری مؤثر اقدامات کریں ہوائی، فائرنگ کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کریں اور فوری کارروائی عمل میں لائیں۔ انہوں نے کہا کہ پتنگ فروشی اور پتنگ بازی کو روکنے کے لیے فوری ٹھوس اقدامات کریں  ،منشیات فروشی کے انسداد کو ہرصورت یقینی بنائیں۔

آر پی او  سید خرم علی نے مزید کہا کہ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چوری اور چھیننے کی وارداتوں کی روک تھام کے ساتھ ساتھ واقعات رونما ہونے پر ان کی برآمدگی اور ملزمان کی گرفتاری یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

اجلاس میں اشتہاری ملزمان اور عدالتی مفروروں کی گرفتاری مہم کا جائزہ لیا گیا اور مہم میں گرفتاریوں کی شرح پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسی رفتار سے مہم کو جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی۔

سید خرم علی نے کہا کہ اشتہاری ملزمان اور عدالتی مفروروں کی گرفتاری سے بھی جرائم کی شرح میں نے نمایاں کمی آئیگی۔

اجلاس میں سی پی او ملتان منیر مسعود مارتھ،ڈی پی او وہاڑی امیر عبداللہ خان نیازی،ڈی پی او خانیوال محمد علی وسیم ،ڈی پی او لودھراں عبدالروف بابر، پی ایس ٹو آر پی او عبدالقادر،پی ایس او محمد یوسف بھٹی، انچارج سیکیورٹی رفاقت علی، ریڈر محمد نعیم،اسسٹنٹ ڈائریکٹر عبدالر حیم ،انچارج آئی ٹی محمد حنیف نے شرکت کی۔