سیالکوٹ شہر میں واٹر سپلائی ، پارکوں کی اپ گریڈیشن اور سیوریج کے میگا پراجیکٹس مکمل کر کے عوام کو بہترین میونسپل سہولیات مہیا کریں گے؛ عثمان ڈار

22

سیالکوٹ،26جون  (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائےامور نوجوانان محمد عثمان ڈار نے کہا ہے کہ سیالکوٹ شہر میں واٹر سپلائی ، پارکوں کی اپ گریڈیشن اور سیوریج کے میگا پراجیکٹس مکمل کر کے سیالکوٹ شہر کے عوام کو بہترین میونسپل سہولیات مہیا کریں گے۔

انہوں نے یہ بات بیس کروڑ کی لاگت سے سبلائم چوک سے کوٹلی بہرام چوک تک سٹیٹ آف آرٹ سیوریج سسٹم کا سنگ بنیاد رکھنے کےبعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں  نے تقریب کے مہمان خصوصی ، ٹیکس دہندہ آفتاب احمد برلاس اور صوبائی وزیر برائے خصوصی تعلیم پنجاب چوہدری محمد اخلاق کے ہمراہ سیوریج منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ طاہر فاروق اور سیالکوٹ کی تاجر برادری سمیت شہریوں کی بڑی بھی موجود تھی۔

 میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائےامور نوجوانان محمد عثمان ڈار کامزید کہنا تھا کہ اس میگا پراجیکٹ پر  17 ارب روپے لاگت آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں تمام ترقیاتی منصوبوں کو ٹیکس دہندگان کے نام سے منسوب کیا جا ریا ہے اور اس روایت  کومزید  فروغ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ ہر سال قومی خزانےمیں 10 ارب روپے سے زیادہ ٹیکس جمع کرواتا ہےاورسیالکوٹ کے عوام توقع کرتے ہیں کہ حکومت انہیں منصوبے دے گی۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائےامور نوجوانان محمد عثمان ڈار نے کہا کہ سیالکوٹ میں 16 ارب روپے کی لاگت سے ٹیکنیکل یونیورسٹی منظور ہو چکی ہے۔ سیالکوٹ میں 250 بستروں پر مشتمل اسٹیٹ آف دی آرٹ اسپتال تعمیر کیا جارہا ہے۔سیالکوٹ کو میٹرو پولیٹن سٹی کا درجہ دیا گیا ہے۔سیالکوٹ میں سیالکوٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی اے) کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایمن آباد روڈ پر واقع گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی کے نئے کیمپس کے لئے 3.5 ارب روپ جاری کردیئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان آئندہ چند ہفتوں میں سیالکوٹ کا دورہ کریں گے اور  40 ارب روپے کی لاگت سے بننے والی سیالکوٹ کھاریاں موٹروے کا سنگ بنیادرکھیں گے۔