جنوبی پنجاب کی تقدیر بدلنے کے لئے تمام اختیارات کا جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ منتقل ہونا ضروری  ہے؛وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

12

 ملتان،27جون(اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے لئے 33فیصد علیحدہ بجٹ مختص ہونا بارش کا پہلا قطرہ ہے، وسیب کی تقدیر بدلنے کے لئے تمام اختیارات کا جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ منتقل ہونا ضروری  ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے دورہ کے موقع پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر کی جانب سے  شاہ محمود قریشی کو بریفنگ دی گئی، بریفنگ کے موقع پر جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے تمام سیکرٹریز موجود تھے۔

اجلاس سے خطاب میں وزیرخارجہ نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے ہر شہر اور قصبے میں یکساں ترقی پی ٹی آئی کا ایجنڈا ہے ،پی ٹی آئی عوام سے جنوب پنجاب کو صوبہ بنانے کا وعدہ نبھائے گی۔انہوں نے کہا کہ علیحدہ بجٹ جنوبی پنجاب کی عوام کی محرومیوں کےازالے کا آغاز ثابت ہو گا۔

 مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کا مطالبہ تمام تعصبات سے بالاتر ہے، علیحدہ صوبے کا قیام خطے کی تیز ترین ترقی کا پیش خیمہ ثابت ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لئے انکی بروقت تکمیل ضروری ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ترقیاتی فنڈز منصوبوں پرخرچ کرنے کے لئے ابھی سے منصوبہ بندی کرنا ہوگی، جنوبی پنجاب کے ترقیاتی بجٹ کا ایک پیسہ بھی  ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا۔

 اے سی ایس ثاقب ظفر نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار  نے جنوبی پنجاب کے لئے خطیر فنڈز مختص کئے ہیں، بجٹ میں جنوبی پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے 1کھرب 89 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نئے مالی سال میں جنوبی پنجاب میں 2491ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر عملدر آمد کے لئے مکمل پلان تیار کر لیا گیا ہے،ترقیاتی منصوبوں کی بھرپور مانیٹرنگ کی جائے گی۔

اجلاس میں ایس اینڈ جی اے ڈی،داخلہ، لوکل گورنمنٹ، انہار، لائیو سٹک کے سیکرٹریز نے  اور محکمہ جنگلات و جنگلی حیات،زراعت، خزانہ کے سیکریز سمیت

 بورڈ آف ریونیو، صحت،تعلیم اور مواصلات کے محکموں کے سیکرٹریز  اور چئیرمین پی ایچ اے اعجاز جنجوعہ بھی شریک ہوئے۔