کوئٹہ، 28 جون (اے پی پی): پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی اور ڈبلیو ایچ او کے پاکستان میں نمائندے ڈاکٹر پالیتھا ماہیپلہ کے ہمراہ بی ایچ یو احمد خانوزئی سریاب روڈ کوئٹہ کا دورہ کیا اور ٹیلی میڈیسن کلینک کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے آن لائن کونسلنگ و کنسلٹیشن عمل اور مرکز صحت میں دستیاب لیبر روم اور طبی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔
پارلیمانی سیکرٹری صحت بلوچستان اور ڈبلیو ایچ او کے پاکستان میں نمائندے نے مڈوائفری ٹریننگ اسکول مغربی بائی پاس ایچ آر ڈی کا بھی دورہ کیا اور زیر تربیت طلبہ سے ملاقات کی اور ان کے مسائل دریافت کئے۔
اس موقع پر ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر پالیتھا ماہیپلہ نے مڈوائفری ٹریننگ اسکول کے لئے ایک بس، پانچ کمپیوٹر دینے کا اعلان کیا اور یقین دلایا کہ دستیاب وسائل کے مطابق اندرون بلوچستان زچہ و بچہ کی صحت و طبی معاونت سے متعلق صحت مراکز قائم کئے جائیں گے جہاں ان زیر تربیت کمیونٹی مڈ وائفریز کو تکمیل تربیت کے بعد ان کے اپنے ہی علاقوں میں روزگار کے مواقع بھی فراہم کئے جائیں گے۔
مڈوائفری ٹریننگ اسکول کے دورے کے موقع پر ڈبلیو ایچ او کے نمائندے نے بلوچستان کے تین ڈسٹرکٹ کے لئے الٹراساونڈ مشینیں، پانچ سو طالب علموں کے لئے کریکیولم اور ریسورس مٹریل اسکول کی پرنسیپل کے حوالے کیا ۔