بدعنوانی کا شکار معاشرے ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جاتے ہیں، وزیراعظم عمران خان کرپشن پر کوئی رعایت نہیں برتیں گے، پاکستان اب شاندار ترقی کی راہ پر گامزن ہے، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

17

اسلام آباد۔28جون  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بدعنوانی کا شکار معاشرے ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جاتے ہیں، وزیراعظم عمران خان کرپشن پر کوئی رعایت نہیں برتیں گے، پاکستان اب شاندار ترقی کی راہ پر گامزن ہے، مجموعی ترقی اور خوشحالی کے لئے دیگر شعبوں کے ساتھ ساتھ کاروبار اور صنعت میں بھی خواتین اور خصوصی افراد کی حوصلہ افزائی کی جائے، ملکی برآمدات کا فروغ معیشت کے لئے لازم ہے۔وہ پیر کو یہاں ایوان صدر میں ایمپلائز فیڈریشن آف پاکستان کے زیر اہتمام برآمد کنندگان میں ایوارڈز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبد الرزاق داؤد، ایمپلائز فیڈریشن آف پاکستان کے صدر اسماعیل ستار اور نائب صدر ذکی احمد خان نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ بدعنوانی معاشروں کو تباہ کر دیتی ہے اور اس کے اثرات سے کاروبار اور صنعتیں بھی متاثر ہوئے بغیر نہیں رہتیں۔ انہوں نے کہا کہ جہاں قیادت بدعنوان ہو وہاں پورا معاشرہ تنزلی کا شکار ہو جاتا ہے، موجودہ حکومت نے جہاں کاروبار اور صنعت کے لئے سازگار ماحول، سہولیات و مراعات فراہم کی ہیں وہیں بدعنوانی کی روک تھام کے لئے بھی جامع اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کرپشن کے معاملے پر کوئی رعایت نہیں برتیں گے، جنہوں نے لوٹ مار کی ان کا احتساب جاری رہے گا۔ صدر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم عمران کی حکومت میں کفایت شعاری کی عملی طور پر حوصلہ افزائی کی گئی ہے، اس مقصد کے لئے وزیراعظم آفس اور ایوان صدر سے شروعات کی گئیں تاکہ قوم کے لئے مثال پیش کی جا سکے۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے کاروبار کی ترقی کے لئے راستے کھولے ہیں، اس سلسلے میں تمام شراکت داروں سے مشاورت کے ساتھ نظام میں تبدیلیاں لائی ہیں جن کا مقصد تاجروں اور صنعت کاروں کے لئے سہولیات اور مواقع پیدا کرنا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ملکی ضروریات پوری کرنے کے لئے زرمبادلہ کی ضرورت ہوتی ہے، اس حوالے سے برآمد کنندگان کا کردار بہت اہم ہے۔ اس موقع پر صدر مملکت نے کورونا کے خلاف پاکستان کی کامیاب حکمت عملی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ درست معلومات، غریب اور کمزور طبقات کے لئے احساس اور عبادات کو ایس او پیز کے تحت جاری رکھتے ہوئے اللّہ کی خوشنودی سے ممکن ہوا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے دانشمندانہ فیصلہ سازی کے ذریعے سمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی لاگو کی اور پوری قوم نے یکجہتی کا مظاہرہ کیا جس کے نتیجے میں کامیابی حاصل ہوئی۔ صدر مملکت نے صنعت اور کاروبار میں خواتین کے ساتھ ساتھ خصوصی افراد کی حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ مجموعی قومی ترقی کے لئے اس عمل میں تمام طبقات کی شمولیت کو یقینی بنانا ہو گا۔  صدر مملکت نے علاقائی رابطوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ازبکستان اور تاجکستان نے پاکستان کے راستے اپنی تجارت کو وسعت دینے کے خواہش ظاہر کی ہے، اس مقصد کے لئے پرامن افغانستان ناگزیر ہے۔ اس موقع پر صدر مملکت نے برآمد کنندگان کے لئے ایوارڈز کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس ان کی حوصلہ افزائی ہو گی۔ قبل ازیں مشیر تجارت رزاق داؤد نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ حکومت ملکی برآمدات کے فروغ کے لئے اقدامات کر رہی ہے، اس سلسلے میں کاروبار میں آسانی کے ساتھ ساتھ صنعت کی ترقی کے لئے سہولیات اور آسانیاں پیدا کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسوں اور ڈیوٹیز کی مد میں رعایت دی گئی ہے تاکہ کاروباری لاگت کم ہو اور ملکی صنعت عالمی مارکیٹ میں مقابلہ کرنے کے قابل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ اب روایتی برآمدی شعبوں کے ساتھ ساتھ نئے شعبوں پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی رابطوں کے فروغ سے تجارت کو بھی فروغ حاصل ہو گا۔ ایمپلائز فیڈریشن آف پاکستان کے صدر اسماعیل ستار نے صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ برآمد کنندگان کی ایوارڈز کی تقریب کا ایوان صدر میں انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ حکومت کاروبار اور صنعت کی حوصلہ افزائی چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ قومی ترقی میں اپنا بھرپور کردار جاری رکھے گا۔ اس موقع پر صدر مملکت نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے برآمد کنندگان میں ایوارڈز بھی تقسیم کئے۔