اسلام آباد، 29 جون ( اےپی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پارلیمنٹ گیلری میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے میں بجٹ کی منظوری پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
یہ ایک ایسا بجٹ ہے جو عوام کی توقعات کے مطابق ہو گا اور پاکستان کو خوشحالی کی طرف مائل کریگا۔۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ کل کے اجلاس میں ہم وزیر اعظم عمران خان کے خیالات سے بھی مستفید ہو سکیں گے۔یکم جولائی کو ہم نے قومی سلامتی کے حوالے سے بریفنگ کیلئے اہم اجلاس طلب کر لیا۔
اس اجلاس میں ہم پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی، پارلیمانی قائدین کو افغان امن عمل ، ہندوستان کے ساتھ معاملات اور خطے کی صورتحال کے حوالے سے مفصل بریفنگ دیں گے اور ان کے نکتہ نظر سے بھی مستفید ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ بجٹ پر بحث اچھے انداز میں ہوئی ،کوئی ہنگامہ آرائی نہیں ہوئی۔
کٹ موشنز پر اپوزیشن کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات کے جوابات دیے گئے اور احسن انداز میں بجٹ پر ووٹنگ ہوئی ۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی ضرورت کے تحت، منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ کے تدارک کیلئے اپنی حکمت عملی پر عمل درآمد جاری رکھے گا۔امریکہ خطے میں امن و امان کیلئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہ رہا ہے۔امریکہ ایک اہم ملک ہے ہم چاہیں گے کہ امریکہ کے ساتھ ہمارے تعلقات اچھے رہیں۔