پنجاب بھر کے 17اضلاع کی ڈسٹر کٹ اینڈ سیشن کورٹس میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کا ورچوئل افتتاح کر دیا گیا

19

اٹک،29 جون  (اے پی پی): پنجاب بھر کے 17اضلاع کی ڈسٹر کٹ اینڈ سیشن کورٹس میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کا ورچوئل افتتاح کر دیا گیا ہے، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے  افتتاح  کیا۔قبل ازیں 16اضلاع میں واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جا چکے ہیں اس طرح مجموعی طور پر 33 پلانٹس کی تنصیب عمل میں لائی گئی ہے۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد قاسم خان نے  کہا کہ عدلیہ عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف فراہم کر نے کے لیے کو شاں ہے اور اس ضمن میں کوئی دقیقہ فر وگزاشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ  واٹر فلٹر یشن پلانٹ پر 30 لاکھ روپے لاگت آئی ہے جس سے سیشن کورٹ میں آنے والے افراد کو سہولت حاصل ہو گی۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے ضلعی عدلیہ کو ہدایت کی کہ ان واٹر فلٹریشن پلانٹس کا باقاعدہ خیال رکھیں  کیونکہ یہ انسانی خدمت کا سفر ہے، عدالت کے احاطے میں عوام کو ہر ممکن سہولت فرام کر نے کی کوشش کی جارہی ہے تاکہ موسم گرم میں انہیں کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کر نا پڑے۔انہوں  نے ماتحت عدلیہ کے ججز اور وکلا سے کہاکہ وہ ہر قسم کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ معاشر ے میں قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جاسکے۔

اس موقع پر اٹک میں ڈسٹر کٹ اینڈ سیشن جج اٹک سید نوید رضا بخاری،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز جاوید اقبال بوسال،شاہد بیگ،سینیر سول ججز شعیب عدیل،عمر رشید،بابر حسین،ممبر پنجاب بار کونسل ملک اسرار احمد، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن اٹک خالد شاہ زیب، نثار علی خان، وکلاء اور افسران بھی موجود تھے۔