حکومت ریونیوسسٹم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کررہی ہے؛ڈپٹی کمشنر بہاولنگر شفقت اللہ مشتاق

10

بہاولنگر، یکم جولائی ( اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر  شفقت اللہ مشتاق  نے کہا کہ حکومت ریونیوسسٹم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کررہی ہے،ضلع میں وزیراعظم کے وژن اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کی ہدایات کے مطابق 32 قانونگوئی حلقوں میں دیہی مال مراکز بھی بنا دیے ہیں جبکہ  اس کا دائرہ کار پٹوار سرکلز تک پھیلایا جارہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر  ڈپٹی کمشنر شفقت اللہ مشتاق  کی سربراہی میں اراضی ریکارڈ سنٹر بہاول نگر میں ریونیو خدمت کچہری کے انعقاد کے موقع پر کیا۔انہوں نے کہا کہ عوام کو سرکاری خدمات کے لیے تحصیلوں اورضلع کی سطح پر آنے کی زحمت بھی نہیں ہوگی  جبکہ ریونیو سسٹم میں انقلابی تبدیلیاں دیوانی مقدمات اور  تنازعات میں کمی کا باعث بنیں گی جبکہ یہ ایک بڑی سوشل تبدیلی کا پیش خیمہ ہوگی۔

 شفقت اللہ مشتاق نے کہا کہ بزدار  حکومت  نے اداروں پر عوام کا اعتماد بحال کرکے فرسودہ اور تاخیری حربوں پر مبنی ریونیوسسٹم میں انقلابی اور جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دیا ہے  ، سرکاری دفاتر میں عوام کے لیے آسانیاں  اور خدمات میں بہتر ریسپانس کے لیے اقدامات بھی بروئے کار لارہی ہے۔

 اس موقع پر ریونیو خدمت  کچہری میں ریونیورریکارڈ کی درستگی،فردانتقالات ، رجسٹری،ڈومیسائل اور سائلین کے ریونیو مسائل کو فی الفور حل کیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر شفقت اللہ مشتاق نے سائلین سے سے بات چیت کرتے ہوئے  کہا کہ ریونیو کچہریوں  کے ذریعے  تمام  شعبوں کو ایک چھت تلے جمع کرکے ریونیو سے متعلقہ عوام کی شکایات و مسائل کا موقع پر ازالہ کیا جارہا ہے۔

کچہری میں  ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عابد حسین بھٹی ،اسسٹنٹ کمشنر بہاول نگر سیدعثمان منیر بخاری متعلقہ ریونیو افسران اور سٹاف بھی موجود تھا۔