مسئلہ فلسطین اور کشمیر کے حل کے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہو گا، جنگ نہیں مذاکرات سے ہی ہمیشہ مسائل حل ہوتےہیں: چوہدری محمد سرور

19

لاہور 1 جولائی(اے پی پی): گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے جی سی یونیورسٹی لاہور میں فلسطین سوسائٹی کا افتتاح کر دیا،  چوہدری محمد سرور فلسطین سوسائٹی کے جوائنٹ پیٹرن انچیف ہونگے۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان سے اڈے لیکر ہمیں افغانستان سے لڑانا چاہتاہے وزیر اعظم عمران خان کا حتمی فیصلہ ہے کہ امریکہ کو اڈے نہیں دینے ، نریندر مودی، اسرائیلی حکمران اور انکی فوج بھی دہشت گردہے، اب پاکستان میں فیصلے صرف اور صرف ملکی مفاد میں ہونگے، دنیا میں جنگ سے نہیں انصاف سے ہی امن قائم ہوسکتا ہے، ہم بھارت سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں مگر مسئلہ کشمیر حل کر نا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم امریکہ کو للکار نہیں رہے سمجھا رہے ہیں، مسئلہ فلسطین اور کشمیر کے حل کے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہو گا، کسی یہودی کا بے گناہوں کو قتل کرنا یہ بھی دہشت گردی ہے، دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، اسلام میں ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا جہاں بھی بے گناہوں کو ظلم کا نشانہ بنایا جائے گا وہ دہشتگردی ہی ہوگی، جنگ نہیں مذاکرات سے ہی ہمیشہ مسائل حل ہوتےہیں۔