پاکستان اور کیوبا کے درمیان دہائیوں پرانے گہرےتعلقات کو معاشی اور پارلیمانی تعاون کے ذریعے نئی بلندیوں تک لے جانے کی ضرورت ہے؛ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی

15

 

اسلام آباد،20جولائی  (اے پی پی): چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان کیوبا کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتاہے، دونوں ممالک کے درمیان دہائیوں پرانے گہرےتعلقات کو معاشی اور پارلیمانی تعاون کے ذریعے نئی بلندیوں تک لے جانے کی ضرورت ہے۔

چئیرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی سے پاکستان میں کیوبا کے سفیر زینر جیویر جیرو گونزیلز نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہاوُس میں ملاقات کی ہے۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔  چئیرمین سینیٹ نے پاکستانی میڈیکل طلباءکے لئے کیوبا کے اسکالرشپ پروگرام کو سراہا۔انہوں نے پاکستان میں قدرتی آفات خصوصاً 2005 کے زلزلے سے ہونے والی تباہی کے بعد کیوبا کی طبی امداد کی بھی تعریف کی۔

 فریقین نے عوام سے عوام کے رابطے اور معاشی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ممالک کو پارلیمان کے ذریعے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے، کیوبا پاکستان میں معاشی اور انسانی وسائل کی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کا خواہاں ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ماحول انتہائی سازگار ہے، سرمایہ کاردوست پالیسیوں سے کیوبا کو بھی فائدہ اٹھانا چاہئے، کیوبا کیلئے توانائی، تجارت، زراعت اور فشری شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تجارت، صحت اور ثقافت کے شعبوں میں کیوبا کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

 صادق سنجرانی نے کہا پاکستان خطے میں امن اور استحکام کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں  نے کیوبا کی طرف سے پاکستان کیلئے سفیر بننے پر مبارکباد پیش کی  اور  اس امید کا اظہار کیا کہ کیوبا کے سفیر کی پاکستان میں موجودگی سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے ۔

 چیئرمین سینیٹ نے کیوبا میں کورونا وباء سے ہونی والی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کیوبا نے کورونا وباء کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات اٹھائے اور امید ہے کہ بہت جلد کیوبا کی حکومت اس وبا پر قابو پا لے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو حقیقی معنوں میں مفاہمتی یاداشت پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے، وبا کی صورتحال بہتر ہونے کے بعد کیوبا کی پارلیمنٹیرینز کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔

 چئیرمین سینیٹ نے کہا کہ ایک ملین ڈالر کی موجودہ تجارتی حجم دونوں ممالک کے مابین تجارت کی حقیقی صلاحیت کے مطابق نہیں ہے، کیوبا سے تربیت یافتہ پاکستانی ڈاکٹرز ملک میں صحت کے شعبوں میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے 5 اگست کے بعد کے اقدامات اور مقبوضہ جموں و کشمیر کا جغرافیہ تبدیل کرنے کی کوشش اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، بھارت کو فوری طور پر مقبوضہ کشمیر میں کرفیو، معصوم کشمیریوں پر لگائی گئی پابندیوں کو ختم کرنا چاہئے، بھارت فوری طور پر قیدیوں کو رہا کرے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے تنازعے کو حل کرے۔

اس موقع پر کیوبا کے سفیر زینر جیویر کیرو گونزیلز نے کہا کہ کیوبا بھی پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی روابط کو مزید مستحکم کرنے کیلئے کیوبا کی قومی اسمبلی میں فرینڈشپ گروپ بھی قائم کیا گیا ہے۔

کیوبن سفیر نے کہا کہ کیوبا کے بزنس مین پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہش مند ہیں۔