کوئٹہ،02جولائی (اے پی پی): وفاقی سیکریٹری اینٹی نارکوٹکس اکبر درانی نے کہا ہے کہ منشیات کے خلاف شعور اجاگر کرنے کیلئے انفرادی اور اجمتاعی کوششوں کی ضرورت ہے،انسداد منشیات کیلئے اے این ایف کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اینٹی نارکوٹکس بلوچستان ،صوبائی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ونارکوٹکس ڈیپارٹمنٹ اور پاکستان ریلوے پولیس کی جانب سے پکڑی جانے والی42 ٹن سے زائد منشیات اور دیگر نشہ آور چیزوں کو کوئٹہ میں نظر آتش کرنے کی تقریب سے خطاب میں کیا۔
وفاقی سیکریٹری برائے انسداد منشیات کیپٹن (ر)اکبرحسین درانی نے کہا کہ منشیات کے خلاف شعور اجاگر کرنے کیلئے انفرادی اور اجمتاعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے خلاف جدوجہد میں اے این ایف کے دس جوانوں نے جانوں کے نذرانے دئیے ہیں، منشیات سے پاک معاشرہ ہمارا عزم ہے، معاشرے کو منشیات سے پاک کرنے کیلئے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی اے این ایف میجر جنرل عارف ملک نے کہا کہ اے این ایف نےایک سال کےدوران پکڑی گئی4.3ٹن ہیروئن،21ٹن چرس،10.5ٹن افیون،4ٹن مارفین سمیت دیگر منشیات پکڑی جبکہ 55 مقدمات درج ہوئےاور21 سمگلروں کو گرفتارکیا۔ انہوں نے کہا کہ 275 شراب کی بوتلیں بھی نظر آتش کی گئیں، رواں سال بلوچستان میں 185 ایکڑ پر پوست کی فصل کو بھی تلف کیا گیا۔
منشیات وفاقی سیکرٹری برائے انسداد منشیات کیپٹن (ر)اکبرحسین درانی اور ڈی جی اے این ایف میجر جنرل عارف ملک کی نگرانی میں تلف کی گئی۔تلف کی جانے والی منشیات کی مالیت کا اندازہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں 6 ارب ڈالرز لگایا گیا ہے۔