بہاولنگر؛ڈپٹی کمشنر شفقت اللہ مشتاق کی زیر صدارت اجلاس،عید الاضحی کے انتظامات و تیاریوں کے جائزہ لیا گیا

61

بہاولنگر،03 جولائی ( اے پی پی ): عید الاضحی کے انتظامات و تیاریوں کے جائزہ سے متعلق ڈپٹی کمشنر شفقت اللہ مشتاق نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بہاولنگرمحمد ظفر بزدار کے ہمراہ ڈی سی آفس کے کانفرنس روم میں اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر شفقت اللہ مشتاق نے مویشی منڈیوں کے قیام ،عید الاضحی پر صفائی ستھرائی اور عید کے دنوں میں ٹرانسپورٹ کی موثر مانیٹرنگ  و ٹریفک کنٹرول سمیت عید کے اجتماعات اور دیگر امور سے متعلق ہنگامی پلان پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وبا میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی گائیڈ لائنز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

 اجلاس میں چیف آفیسرز کو ہدایت کی کہ صفائی اور قربانی کے جانوروں کی آلائشیں و باقیات کو مناسب طور پر ٹھکانے لگانے کے لیے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے۔

 اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے “خدمت آپ کی دہلیز پر “پروگرام کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ عوام الناس کی متعلقہ پورٹل پر شکایات کو حل کرنے میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عابد حسین بھٹی ، اسسٹنٹ کمشنر بہاولنگر اور منچن آباد ،تمام متعلقہ محکموں کے افسران اور دیگر تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔