ڈی سی وہاڑی کی زیر صدارت اجلاس ،  کورونا ویکسینیشن، ”خدمت آپکی دہلیز پر ”کا جائزہ  لیا  گیا

22

 

وہاڑی، 03 جولائی (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر مبین الہی کی زیر صدارت ہفتہ کو یہاں  اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں کورونا ویکسینیشن، ”خدمت آپکی دہلیز پر ”کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ کورونا ویکسینیشن کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے ، کورونا ویکسینیشن کا روزانہ کا ٹارگٹ پورا کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز دیہاتوں میں کورونا ویکسینیشن مزید بہتر انداز میں کروائیں۔ ضلع وہاڑی کیلئے ہر روز 10ہزار افراد کی ویکسی نیشن کرنے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے، ہر بنیاد ی مرکز صحت پر روزانہ 250افراد کی کورونا ویکسینیشن کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے۔

انہوں  نے کہا کہ  اسسٹنٹ کمشنر دیہی مراکز صحت اور بنیاد ی مراکز صحت کے روزانہ دورہ  کریں، بی ایچ یوز کے جو ڈاکٹرز کورونا ویکسینیشن کا ٹارگٹ پورا نہیں کریں گے انہیں ملازمت سے فارغ کر دیا جائے گا۔انہوں نے  ڈسٹرکٹ منیجر پی ایچ ایف ایم سی اپنی کار کر دگی کو بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی ۔

 ڈپٹی کمشنر مبین الہی کا کہنا تھا کہ لیڈی ہیلتھ سپروائزر اور لیڈی ہیلتھ ورکرز اپنے علاقوں میں کورونا ویکسینیشن کے حوالے سے سوشل موبلائزیشن کریں، بی ایچ یوز کا روزانہ کا ٹارگٹ 3000افراد کو کورونا ویکسین لگانا ہے۔اسسٹنٹ کمشنر وہاڑی محمد جعفر چوہدری اور اسسٹنٹ کمشنر میلسی عبد الرزاق علی کی کورونا ویکسینیشن کے حوالے سے کار کر دگی بہتر رہی ہے۔کوروناویکسی نیشن کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کرنا انتہائی ضروری ہے۔

ڈی سی  مبین الہی نے کہا کہ دیہی مراکز صحت میں بھی کورونا ویکسینیشن کو مزید تیز کیا جائے۔ اسسٹنٹ کمشنرز اپنی تحصیلوں میں سو شل موبلائزیشن کریں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے پروگرام ”خدمت آپکی دہلیز پر ”کو ہر صورت کامیاب بنایا جائے  جبکہ عوام کی طرف سے آنے والی شکایات کو فوری حل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ  میونسپل کمیٹیز اور تحصیل کونسلز مزید متحرک ہو کر کام کریں سکولوں میں بھی صفائی ستھرائی کی سرگر میاں روزانہ کی بنیاد پر کی جائیں عوام کی طرف سے مزید پازیٹو فیڈ بیک آنا چاہیےچوتھے ہفتے کے دوران واٹر سٹوریج ٹینکوں کی صفائی اور کلوری فیکیشن کی جائےواٹر فلٹریشن پلانٹ کی صفائی اور فلٹرز کی تبدیلی کو یقینی بنایا جائے سکولوں میں وائٹ واش اور صفائی ستھرائی کی جائے انسداد ڈینگی کی سرگرمیو ں کو بھی بہتر انداز سے کیا جائے۔

ڈپٹی کمشنر مبین الہی نے کہا کہ مچھر کے لاروے کے خاتمہ کیلئے بھر پور اقدامات کئے جائیں انسداد ڈینگی سرگرمیوں کو روزانہ کی بنیاد پر ڈیش بورڈ اپ لوڈ کیا جائے لینڈ ریکارڈ میں مالکان اراضی کے شنا ختی کارڈ کے اندراج کو بھی تیز کیا جائے ۔

اجلاس میں اے ڈی سی ریو نیو اشفا ق الرحمن، اے ڈی سی فنا نس مظفر خان، اے سی وہاڑی محمد جعفر چوہدری، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر انجم اقبال، ڈپٹی ڈائر یکٹر انفارمیشن میاں نعیم عاصم، سی او ایم سی راؤ نعیم خالد، ایس این اے خرم سلیم نے شرکت کی جبکہ  اے سی بوریوالا عمر فاروق اور اے سی میلسی عبدالرزاق علی بذریعہ ویڈ یو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔

اے پی پی /بہادر حسین/قرۃالعین