وہاڑی پولیس کا سماج دشمن اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن، ماہ جون میں 116اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا

19

وہاڑی، 03 جولائی (اے پی  پی ):آئی جی پنجاب کی ہدایات پر وہاڑی پولیس کا سماج دشمن اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری،  ڈسٹرکٹ پولیس وہاڑی نے ماہ جون میں 116اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا،107منشیات فروش اور 87ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کو  گرفتار کیا گیا،کرائم برخلاف پراپرٹی کے 96مقدمات ٹریس کر کے47لاکھ 18ہزار روپے مالیتی پراپرٹی ریکور کی گئی۔5 خطرناک گینگ کے16ممبران کو گرفتار کر کے 18لاکھ 13ہزار روپے مالیتی کا سامان برآمد کیا گیا۔

 ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر  امیر عبداللہ خان نیازی کی قیادت میں وہاڑی پولیس نے ماہ جون 2021 میں سماج دشمن عناصر کی گرفتاریوں کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کیں۔ پولیس کی جانب سے سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کے لئے مہم شروع کی گئی، مہم کے دوران پولیس ٹیموں نے اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قتل اور ڈکیتی  سمیت سنگین وارداتوں میں ملوث خطرناک116اشتہاری مجرمان گرفتارکئے، ملزمان میں 20اے کیٹگری کے جبکہ96بی کیٹگری کے شامل ہیں جبکہ  جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کر تے ہوئے87ملزمان کو گرفتار  کیا گیا،ملزمان کے قبضہ سے بھاری اسلحہ ناجائز برآمدکیا گیا،  ناجائز اسلحہ میں09 بندوق، 07 رائفل،62 پسٹل، 01ریوالور3کاربین اورسینکڑوں گولیاں شامل ہیں۔

  پولیس نےسماج دشمن عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 107ملزمان کو گرفتار کیا،  ملزمان کے قبضہ سے26کلوچرس،2038 لیٹر شراب معہ لاہن،05چالو بھٹیاں اور شراب کشید کرنے والا سامان برآمد ہوا،نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کرتے ہوئے 25مقدمات درج کئے گئے، 08مقدمات لاوڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پر اور  17کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پردرج کئے گئے۔

 ضلع وہاڑی کے مختلف تھانہ جات میں تیز رفتاری کے ساتھ116مقدمات درج ہوئے،  بجلی چوری کے80مقدمات، آتش بازی کے02، غیر قانونی گیس ریفلنگ کے06،  بوگس نمبر پلیٹ کے 11،کھلے عام پٹرول کی فروخت کے 3، گاڑیوں میں غیر معیاری سلنڈر کے02، اسلحہ کی نمائش کا 01، شیشہ سموکنگ کا 1اور قمار بازی ایکٹ کے09مقدمات رجسٹر کئے گئے۔

 اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی امیر عبداللہ خان نیازی کا کہنا تھا کہ سماج دشمن عناصر کے خلاف آپریشنز کے دوران شہریوں کی سہولت کو مقدم رکھا جارہاہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام میں احساس تحفظ پیدا کرنے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی، عوام پولیس کو اپنا معاون و مددگار سمجھیں ۔انہوں نے  کہا کہ  شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے اشتہاریوں، ڈاکوؤں، منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن روزانہ کی بنیاد پرجاری رہے گا۔