اوکاڑہ/ معذور طلباء کو تعلیم اور روزگار میں مدد فراہم کرنے کےلیے پر عزم ہے، وائس چانسلرپروفیسر زکریا ذاکر

35

اوکاڑہ,05جولائی (اے پی پی): معذور افراد کو معذور کہنا ان کی توہین ہے، بلکہ ان کو اسپیشل پرسنز کہنا چاہیے کیونکہ یہ کسی ایک جسمانی کمزوری یا خامی کے ساتھ بہت سے دوسرے خصائص کے مالک ہوتے ہیں۔ کمیونٹی آوٹ ریچ پروگرام کے ذریعے گھر گھر جا کر معذور افراد کو تعلیم کے حصول کےلیے راضی کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار پروفیسر زکریا ذاکر وائس چانسلر اوکاڑہ یونیورسٹی نے معذور طلباء کےلیے منعقدہ ایک تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس تقریب کا انعقاد یونیورسٹی کے شعبہ اسپیشل ایجوکیشن نے ڈاکٹر ندیم اور ڈاکٹر نادیہ گیلانی کی زیر نگرانی کیا۔ وائس چانسلر پروفیسر زکریا ذاکر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یونیورسٹی انتظامیہ تمام معذور طلباء کو نہ صرف اعلیٰ تعلیم کی مفت سہولیات فراہم کرے گی بلکہ ان کو روزگار کے حصول میں بھی بھرپور مدد فراہم کرے گی۔

تقریب میں یونیورسٹی میں زیر تعلیم اسی(80) سے زائد معذور طلباء نے شرکت کی اور وائس چانسلر کے ساتھ اپنی آراء اور تحفظات کا اظہار کیا۔

وائس چانسلر نے یونیورسٹی کے اساتذہ کو اس بات کی تلقین کی کہ وہ جسمانی حالت کی بنیاد پہ طلباء میں کسی قسم  کی کوئی تفریق نہ کریں، کیونکہ میری خواہش ہے کہ اسپیشل بچے زندگی کی دوڑ میں پیچھے نہ رہیں۔ ایسے طلباء کو رحم کھا کر نہیں بلکہ عزت اور وقار کا ساتھ زندگی کی دوڑ میں شامل کیا جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اوکاڑہ یونیورسٹی رنگ و نسل، معاشی حالات یہ جسمانی صحت کی بنیاد پہ طلباء میں کو تفریق روا نہیں رکھتی۔ وائس چانسلر نے یہ اعلان بھی کیا کہ کمیونٹی آوٹ ریچ پروگرام کے ذریعے اوکاڑہ کے نواحی علاقوں میں گھر گھر جا کر معذور افراد کو مفت اعلی تعلیم کے حصول کےلیے راضی کیا جائے گا۔