ملتان، 5 جولائی(اے پی پی ):سیکرٹری صحت جنوبی پنجاب محمد اجمل بھٹی نے کہا ہے کہ اگر پولیو کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہے تو ہمیں ایک ٹیم بن کر جنون اور جذبہ سے کام کرنا ہوگا ، جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے افسران اور فیلڈ اسٹاف کو مسلسل تربیت کے ذریعے مزید موثر بنایا جائے۔
یہ ہدایات انہوں نے ایڈیشنل سیکرٹری کوآرڈینیشن پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ پنجاب سندس ارشاد کے ہمراہ آج یہاں ہیلتھ سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب میں حالیہ پولیو مہم کے دوران پیش آنے والے چیلنجز سے نمٹنے بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں ۔ اجلاس میں حالیہ پولیو مہم کے دوران جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں پیش آنے والے مختلف ایشوز کو زیر بحث لایا گیا۔
سیکرٹری صحت جنوبی پنجاب محمد اجمل بھٹی نے تمام چیف ایگزیکٹیو افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کے حوالے سے بنائے گئے ہر پلان کی باریک بینی سے مانیٹرنگ کی جائے اور پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے ہر کام کے معیار پر خصوصی طور پر فوکس کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جنوبی پنجاب میں پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
سیکرٹری صحت جنوبی پنجاب محمد اجمل بھٹی نے چیف ایگزیکٹیو افسران ملتان، ڈیرہ غازیخان، بہاولپور اور رحیم یارخان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اضلاع کے سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر ہسپتالوں میں پولیو کے کاونٹر اور ٹیموں کو فعال کریں ، ان کی باقاعدہ مانیٹرنگ کریں اور اس بات کا خیال رکھا جائے کہ ان ہسپتالوں میں آنے والا کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاﺅ کی ویکسین کے قطرے پینے سے رہ نہ جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ان ہسپتالوں میں پیدا ہونے والے بچوں کو پولیو کی ابتدائی خوراک ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔
ایڈیشنل سیکرٹری کوآرڈینیشن پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ، سندس ارشاد نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت پنجاب صوبہ بھر سے پولیو کے فوری اور مکمل خاتمہ کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کر رہا ہے۔ جنوبی پنجاب کے تمام چیف ایگزیکٹیو افسران جنوبی پنجاب کو پولیو سے پاک بنانے میں اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں اور حالیہ پولیو مہم میں در پیش مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے اور اس کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں۔ انہوں نے تمام چیف ایگزیکٹیو افسران کو ہدایت کی کہ پولیو کے مکمل خاتمہ کیلئے تمام متعلقہ افسران و فیلڈ ٹیموں کو ٹریننگ دینے کے لئے عملی اقدامات کئے جائیں۔
اس موقع پر ڈی جی ہیلتھ جنوبی پنجاب ڈاکٹر خلیل سکھانی بھی موجود تھے۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز ملتان، مظفرگڑھ، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، راجن پور اور رحیم یارخان کے چیف ایگزیکٹیو افسران، نمائندہ عالمی ادارہ صحت(WHO) اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے جبکہ چیف ایگزیکٹیو افسران بہاولنگر، خانیوال، لیہ، لودھراں اور وہاڑی نے ویڈیو لنک کے ذریعہ شرکت کی۔