وہاڑی ؛  پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن کا اجلاس ، اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایات جاری کیں گئیں

23

 وہاڑی،06 جولائی(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر آفس وہاڑی میں پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن کا اجلاس ہوا منعقد ہوا۔  اجلاس میں اوورسیز پاکستانیوں کی طرف سے آنے والے درخواستوں پر غور کیا گیا اور اوور سیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایات جاری کیں گئیں۔ اوورسیز پاکستانیوں کی طرف سے جائیداد پر قبضہ، اراضی کی تقسیم، نادرا، سوئی گیس اور دیگر محکموں کے حوالے سے  بھی درخواستیں دی گئیں۔

وائس چیئر پرسن پنجاب اوورسیز پاکستانی کمیشن چوہدری وسیم اختر نے اس موقع پر کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہماری ملکی معیشت کو مضبوط کرنے میں اہم کر دار ادا کرتے ہیں ، اوور سیز پاکستانی بیرون ملک سے زرمبادلہ اپنے ملک میں بھیجتے ہیں ،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے  کہا کہ  اوورسیز پاکستانیوں کے  مسائل  حل کر کے ایک ماہ کے اندر رپورٹ دی جائے ،اوورسیز پاکستانیوں اور انکی فیملز کو دفاتر کے چکر نہ لگوائے جائیں۔

ڈپٹی کمشنر وہاڑی مبین الہی نے اس موقع پر کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی طرف سے وہاڑی میں اب تک 300درخواستیں وصول ہوئی ہیں، 236درخواست گزاروں کے مسائل کو حل کر کے نمٹا دیا گیا ہے،  بقیہ درخواست گزاروں کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے  کہاکہ  اوورسیز پاکستانیوں کو مکمل عزت و احترام دیا جا تا ہے ۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وہاڑی امیر عبداللہ خان نیازی نے اس موقع پر کہا کہ پولیس سے متعلقہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل فوری حل کئے جاتے ہیں ،اوورسیز پاکستانی محنت مشقت سے روز گار کما کر اپنی جائیدادیں بناتے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں اور ان کی فیمیلز کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے تمام اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اجلاس میں 21درخواست گزاروں کو سنا گیا اور ان کے حل کیلئے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایات جاری کیں گی۔

اجلاس میں وائس چیئر پرسن پنجاب اوورسیز پاکستانی کمیشن چوہدری وسیم اختر، ڈپٹی کمشنر وہاڑ ی مبین الہی دیگر  افسران بھی موجود تھے۔