مظفرگڑھ، 06جولائی(اےپی پی ): چیف ایگزیکٹیو آفیسر کیپکو آفتاب محمود بٹ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال مظفرگڑھ سید کاشف سلیم کی دعوت پر کوٹ ادو میں پاکستان بیت المال کے پراجیکٹ دارالاحساس کا دورہ کیا، جہاں پر سو یتیم بچے داخل ہیں ۔
اس موقع پر انہوں نے پاکستان بیت المال کی طرف سے دی جانے والی سہولیات کو سراہا اور کہا کہ ادارہ ان بچوں کے لیے ایک علحیدہ پلے گراونڈ بنا دے گا جہاں پر یہ اپنی فزیکل سرگرمیاں جاری رکھیں گے اور ساتھ ہی کیپکو ان بچوں کے لیے ایک آئی ٹی لیب بنا دے گا تاکہ یہ بچے دور جدید کی تعلیمات سے آشنا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو باہر سلانے کے لیے گرمیوں میں چارپائیاں اور سیلنگ فینز مہیا کیے جارہے ہیں، ساتھ ہی واٹر فلٹریشن پلانٹ کو اپ گریڈ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے ادارہ کو بہترین انداز میں چلانے پر سٹاف کو سراہا اور بچوں کو گفٹ دیے۔
قبل ازیں ادارے کے بچوں نے چیف ایگزیکٹیو کا استقبال کیا سرائیکی اجرک پہنائی اور ڈائریکٹر پاکستان بیت المال ساوتھ پنجاب ملک محمد ارشد صاحب کی طرف سے بچے نے شیلڈ پیش کی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال سید کاشف سلیم نے کیپکو انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی طرف سے ادارے کی اپ گریڈیشن اور بچوں کو بہتر سہولتیں دینے کی کاوشوں کو ادارہ سراہتا ہے اور اس ضمن میں انکے تعاون سے یہ ادارہ جلد ایک ماڈل دارالاحساس بن سکتا ہے اور یہاں پر پڑھنے والے سو یتیم بچے آنے والے وقتوں پاکستان کے مستقبل کے معمار بن سکتے ہیں۔ انچارم ارم اعظم کی کاوشوں کو سراہا گیا۔
چیف ایگزیکٹو آفتاب محمود بٹ کے ہمراہ ڈی جی فنانس مہر ربنواز، پرنسپل انجینئر جمیل احمد شاہ ، سیکورٹی چیف نیجر عامر اور منیجر ایچ آر راو عمران احمد تھے ۔