و فاقی حکومت نے تمام صوبائی حکومتوں میں ایس ڈی جیز کے حوالہ سے ٹاسک فورس تشکیل دی ہے؛پارلیمانی سیکرٹری کنول شوذب 

12

اسلام آباد،7جولائی  (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری برائے ترقی، منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات کنول شوذب نے کہا ہے کہ پائیدار ترقیاتی اہداف کے متعارف ہونے کے بعد ہم نے ایک متعین سمت میں چلنا ہے، 6 بنیادی مقاصد ہیں جن میں پینے کا صاف پانی، حفظان صحت، سینی ٹیشن اور بنیادی سہولیا ت کی فراہمی شامل ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے واٹر ایڈ پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنول شوذب نے کہا کہ 2030 تک تمام اہداف حاصل کرنے کیلئے ہمیں ہنگامی اقدامات  کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ  میں واٹر ایڈ پاکستان کی شکرگزار ہوں کہ انہوں نے ایس ڈی جیز کے حوالہ سے ورکشاپ منعقد کی۔ انہوں نے کہا کہ پالیسی اور قانون سازی کے حوالہ سے بھی ہمیں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا،اس موقع پر قومی اور صوبائی سطح پر لیڈرشپ کوا پنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

کنول شوذب نے کہا کہ  پاکستان میں و فاقی حکومت نے تمام صوبائی حکومتوں میں ایس ڈی جیز کے حوالہ سے ٹاسک فورس تشکیل دی ہے جو کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ  اس حوالہ سے تمام پارلیمنٹیرینز کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ پارلیمنٹیرین ایس ڈی جیز کے حوالہ سے قانون سازی میں اپنا کردار ادا کریں اور اہداف کے حصول تک اپنی کوششیں جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ 2 روزہ ورکشاپ ایس ڈی جیز کے حوالہ سے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گی۔