پشاور، 7جولائی(اے پی پی): افغانستان میں کورونا وائرس کی تشویشناک صورتحال کے پیش نظر پاکستان حکومت کسٹم ہیلتھ کئیر حکام نے جذبہ خیر سگالی کے تحت آج طورخم بارڈر پر افغانستان حکام کو کوروناوائرس سے بچاؤ کے لئے 7کنٹینرز سامان مہیا کردیا جس میں سینٹٹائزر ، آکسیجن سلنڈرز، فیس ماسک، کورونا ویکسین اور دیگر ادویات شامل تھیں۔
اس موقع پر طورخم بارڈر پر پاکستان حکام کے کسٹم چیف کلکٹر آصف محمود جاہ، کسٹم کلکٹر اپریزمنٹ سلیم خان افغان کمشنر فواد خان اور دیگر افسران نے افغان حکام کو یہ کنٹینرز حوالہ کردیئے.
اس حوالے سے طورخم کسٹم کمپاؤنڈ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف کلکٹر کسٹم آصف محمود جاہ نے کہا کہ افغانستان میں بگڑتی ہوئی کورونا وائرس کیسز صورتحال کے باعث جذبہ خیر سگالی کے تحت پاکستان کسٹم حکام کی طرف سے 7کنٹنیرز ادویات افغانستان حکام کے حوالے کر دیئے ہیں اور مزید تعاون بھی کرتے رینگے تاکہ افغانستان میں کورونا وائرس سے بچاؤ ممکن ہوسکے۔
اس موقع پر پر افغان کمشنر کی طرف سے فواد خان نے پاکستان کسٹم حکام کی طرف سے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے 7 کنٹینرز ادویات فراہم کرنے پر پاکستان کسٹم اور دیگر اعلیٰ حکام کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور ان کے اس اقدام کو سراہا اور کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے پاکستان حکومت سے مزید ادویات اور دیگر سامان فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ افغانستان میں کورونا وائرس کے مرض پر قابو پایا جا سکے اور افغانستان میں کورونا وائرس سے عوام کی بچاؤ ممکن ہوسکے تاکہ ان کی مشکلات میں کمی آئے۔
تقریب میں کسٹم چیف کلکٹر آصف محمود جاہ، کلکٹر اپریزمنٹ سلیم خان، کمانڈنٹ خیبر رائفلز کرنل رضوان نذیر، لیفٹیننٹ کرنل جعفر، ڈپٹی کلکٹر اپریزمنٹ، عمیر زاہد ڈپٹی کلکٹر ٹرانزٹ امانت خان، پروینٹیو کلکٹر کامران خان اسسٹنٹ کلکٹر زاہد خان، این ایل سی کرنل ریٹائرڈ ستار خان، سیکورٹی فورسز کے میجر سمیع طورخم ٹرانسپورٹ یونین کے صدر حاجی عظیم اللہ شینواری اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔