ملتان، 08جولائی(اے پی پی): تحفظ والدین آرڈیننس کے نفاذ کے بعد ضعیف والدین کو گھر سے نکالے جانے کے واقعات رپورٹ ہونے لگے، ضلعی ملتان میں والدین کو گھر سے بیدخل کرنے کا دوسرا واقعہ سامنے آگیا۔ ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کوکائیاں پور کے رہائشی ضعیف العمر اصغرعلی کی بیٹوں کی جانب سے گھر سے نکالے جانے کی شکایت موصول ہوئی ہے، ڈپٹی کمشنر نے شکایت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے، اے سی سٹی کو فوری طور پر داد رسی کا حکم صادر فرمایا۔
اے سی سٹی خواجہ محمد عمیر محمود نے اصغرعلی کے دو بیٹوں کو اپنے آفس طلب کر لیا اور ان کی والد، اصغر علی کے ساتھ ناروا سلوک پر سخت سرزنش کی۔ اے سی سٹی نے کہا کہ تحفظ والدین آرڈیننس کے تحت ڈی سی کو والدین کو گھر سے بیدخل کرنیوالوں کو ایک سال قید اور50 ہزار روپے جرمانے کا اختیار حاصل ہے۔ بیٹوں نے اپنے والد سے معافی مانگ لی، آئندہ دیکھ بھال کرنے کا بیان حلفی بھی دے دیا ہے۔ ضعیف العمر اصغرعلی کے اطمینان کے بعد اسے بیٹوں کے ہمراہ گھر روانہ کر دیا گیا ہے۔