پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن سکھر ڈویڑن کے زیر اہتمام پریس کلب پر احتجاجی ریلی

22

سکھر،08جولائی(اے پی پی): لوکل گورنمنٹ کے ملازمین کیساتھ ہونی والی انصافیوں ، زیادتیوں، تنخواہوں کی عدم ادائیگی سمیت دیگر جائز حقوق کیلئے آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن سکھر ڈویڑن کے زیر اہتمام لوکل گورنمنٹ کے سیکڑوں ملازمین نے ڈسٹرکٹ کونسل ہال سکھر تا سکھر پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی اور پریس کلب کے سامنے احتجاجی دھرنا دیکر شدید نعریبازی کی۔ مظاہرے کی قیادت آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن سکھر ڈویڑن کے علی مردان شیخ، عبدالمجید جسکانی، طارق حسین سولنگی، عبدالحفیظ بھٹو سمیت دیگر کر رہے تھے۔

اس موقع پر مذکورہ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ لوکل گورنمنٹ کے بالا افسران کی جانب سے ملازمین کیساتھ زیادتیاں حد سے بڑھ گئی ہیں، ڈھرکی ٹاؤن کمیٹی، سن ٹاؤن کمیٹی، رانی پور ٹاؤن کمیٹی کے ملازمین کو ابتک تنخواہیں جاری نہیں کی گئیں جس کی وجہ سے ملازمین شدید مایوسی کا شکار ہیں لوکل گورنمنٹ کے ملازمین صرف اپنا حق مانگ رہے ہیں لیکن بالا افسران کے جائز حقوق فراہم کرنے کے بجائے ان کے مسائل میں مزید اضافہ کر رہے ہیں۔

رہنماوں نے چیف جسٹس آف پاکستان، وزیراعظم پاکستان، وزیر اعلیٰ سندھ ، صوبائی وزیر بلدیات، سیکریٹری لوکل گورنمنٹ سمیت دیگر بالا حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ لوکل گورنمنٹ سندھ کے ملازمین کیساتھ ہونی والی زیادتیوں کا نوٹس لیکرڈھرکی ٹاؤن کمیٹی، سن ٹاؤن کمیٹی، رانی پور ٹاؤن کمیٹی کے ملازمین کی تنخواہیں جاری کی جائیں اور لوکل گورنمنٹ کے ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن ٹریژری کے ذریعے آن لائن کرتے ہوئے دیگر جائز مطالبات فی الفور تسلیم کئے جائیں بصورت دیگر ملازمین کے حقوق کیلئے ہمارا پر امن احتجاجی سلسلہ جاری رہے گا۔