پیسٹی سائیڈز انڈسٹری محکمہ زراعت پنجاب کے ساتھ مل کر گاؤں کی سطح پر فارمر ڈے کا  انعقاد کرے۔وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی

36

لاہور،8جولائی (اے پی پی) :صوبائی وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیرِ اہتمام دھان کی فصل پر زہروں کے اثرات کی آگاہی کیلئے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دھان کی برآمدات کومزید بڑھانے کیلئے کاشتکاروں کوچاول کی فصل پر زہروں کے اثرات میں کمی لانی ہوگی اس مقصد کیلئے لاہور چیمبر آف کامرس،پیسٹی سائیڈز انڈسٹری اور محکمہ زراعت پنجاب مل کر گاؤں کی سطح پر فارمر ڈے کا انعقاد کریں تاکہ کاشتکاروں کودھان کی   فصل پر زرعی زہروں کا سپرے کاپری ہارویسٹ انٹرول(PHI)کے متعلق مکمل آگاہی فراہم کی جاسکے ۔ صوبائی وزیر زراعت نے مزید کہا کہ زراعت کا شعبہ آپ کی منتخب حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔  وزیر اعظم کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت 300 ارب روپے کی لاگت سے گندم،کماد، تیلدار اجناس کی فی ایکڑپیداوار میں اضافہ اور پانی کے دستیاب وسائل میں بہتری کے مختلف منصوبہ جات پر عملدرآمد جاری ہے۔ان منصوبہ جات میں دھان کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے 6 ارب32کروڑ کی خطیر رقم سے دھان کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے قومی منصوبہ کے تحت کاشتکاروں کو دھان کی فصل پر اندھا دھند زہروں کے سپرے کو کم کرنے بارے راہنمائی کیلئے رائس ریسرچ انسٹیٹورٹ کالا شاہ کاکو کے زیرِ اہتمام تربیتی پروگراموں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔اس کے علاوہ دھان کے کاشتکاروں کی فصلات کا بھی معائنہ کیلئے ادارہ ہذٰامیں 6 کروڑ10 لاکھ روپے کی لاگت سے قائم لیبارٹری کے ذریعے دھان کی فصل کے نمونہ جات لے کر اس پر زرعی زہروں کی جانچ کی جاتی ہے اور یہ لیبارٹری رائس ایکسپورٹر ایسوسی ایشن ودیگر اسٹیک ہولڈرز کو بھی نمونہ جات کی جانچ کیلئے معاون ثابت ہو سکتی ہے۔ محکمہ زراعت (توسیع) کاشتکاروں کی فنی راہنمائی و آگاہی کیلئے زرعی زہروں کے درست و بروقت استعمال کے متعلق بروشرز بھی تقسیم کر رہا ہے۔