سندھ پولیس تاجروں کے جان و مال کے تحفظ  میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے؛ پاکستان تحریک انصاف ناردرن ریجن سندھ کے صدر سید طاہر حسین شاہ

13

سکھر،08جولائی(اے پی پی): پاکستان تحریک انصاف ناردرن ریجن سندھ کے صدر سید طاہر حسین شاہ نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر دن دھاڑے سرے عوام تاجروں کو لوٹ رہے ہیں اور شہر میں بدامنی، ڈکیتی، موٹر سائیکل چوری، رہزنی کی وارداتیں بڑھتی جا رہی ہے، پولیس تاجروں کے جان و مال کے تحفظ  میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔

 تاجر سیکریٹریٹ گولڈ سینٹر صرافہ بازار  میں سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے  انہوں نے  کہا کہ کپڑا مارکیٹ کے تاجر سے اسلحہ کے زور پر 20 لاکھ روپے سے زائد کی لوٹ مارکی واردات سمیت دیگر بڑھتی ہوئی وارداتوں نے پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بنا دیا ہے۔تین تین سالوں سے ایس ایس پیز بیٹھے ہوئے ہیں اور ان کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارکردگی صفر ہے، پولیس کو صرف سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کیا جا رہا ہے، 99 فیصد سیاسی مخالفین کو پولیس کے ذریعے ہاف فرائی کروایا گیا ہے اگر تاجر برادری بدامنی کے خلاف آواز بلند کرتے ہیں کہ ان پر بھی جھوٹے مقدمات درج کیے جاتے ہیں جوکہ سراسر ظلم و نااصافی ہے، جسے کسی بھی صورت برداشت نہیں کرینگے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن کا کہنا تھا کہ سندھ کا تیسرا بڑا شہر اور تجارتی حب سکھر ہمیشہ امن و امان کا گہوارہ رہا ہے، گزشتہ پچاس برسوں میں بھی ایسے حالات نہیں ہوئے جو آج ہیں ، کوئی دن ایسا نہیں جس دن شہر میں کوئی واردات نہ ہوئی ہو تاجر برادری اور شہری بڑھتی ہوئی وارداتوں کے باعث عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ انہوں نے حکومت اور پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ سکھر میں بڑھتی ہوئی جرائم کی وارداتوں کا نوٹس لیکر شہر کے اہم تجارتی مراکز صرافہ بازار، کپڑا مارکیٹ، تمباکو بازاراناج بازار،غریب آباد، موبائل مارکیٹ، بھٹہ روڈ سمیت دیگر تجارتی مراکز میں پولیس گشت میں اضافہ کیا گیا ہے اور تاجروں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقین بنایا جائے۔