افغانستان کی صورتحال کے تناظر میں تمام ادارے اور مسلح افواج پوری طرح مستعد ہیں،وزیر مملکت علی محمد خان

15

اسلام آباد۔8جولائی  (اے پی پی):پارلیمانی امور کے وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا ہے کہ افغانستان کی صورتحال کے تناظر میں تمام ادارے اور مسلح افواج پوری طرح  مستعد ہیں جبکہ سپیکر قومی اسمبلی نے شمالی وزیرستان میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پر وزارت داخلہ سے رپورٹ لینے اور ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں محسن داوڑ کے نکتہ اعتراض کے جواب میں علی محمد خان نے کہا کہ چند روز قبل اس ایوان کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا تھا، ہمارے ادارے اور پاک فوج پوری طرح سے مستعد ہے۔ افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے اثرات پاکستان پر مرتب ہو سکتے ہیں لیکن ہم پوری طرح سے تیار ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے واضح طور پر کہا ہے کہ افغانی ہمارے بھائی ہیں اور ہم امن میں ان کے شراکتدار ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ بجٹ سیشن پارلیمنٹ دیگر معاون اداروں کے ساتھ ساتھ اے پی پی، پی ٹی وی، ریڈیو کے بجٹ سیشن کی کوریج کرنے والے ملازمین کے لئے اعزازیہ پر سپیکر کی رولنگ بھی درکار ہے جس پر سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ اس کا اعلان کردیا گیا ہے۔ سپیکر نے علی محمد خان کو ہدایت کی کہ وہ وزیرستان میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ پر وزارت داخلہ سے رابطہ کرے اور اس واقعہ کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ قبل ازیں محسن داوڑ نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ آج صبح شمالی وزیرستان کے گائوں تپی کے قبائلی رہنما ملک عبدالرحمان کو نامعلوم افراد نے ٹارگٹ کلنگ میں شہید کردیا۔ دو روز قبل ایک اور قبائلی رہنما صلاح الدین کو بھی قتل کیا گیا تھا۔ ہم بار بار کہہ رہے ہیں کہ دہشتگردی کے ناسور کو ختم کیا جائے، ہم نے علاقے کو آپریشن کے لئے خالی کردیا تھا مگر اس کے باوجود ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ شروع ہوا ہے، ہم مزید لچک کا مظاہرہ نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ عسکریت پسندوں کی ری گروپنگ پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ہونا چاہیے۔ بابوسر میں عسکریت پسندوں کی ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی ہے۔ یہ لہر پورے پاکستان میں پھیل رہی ہے اور یہ خطرناک رجحان ہے۔ میں نے اس پر صدر پاکستان کو مکتوب بھی لکھا ہے۔