کوئٹہ،9جولائی (اے پی پی):وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان میں کرکٹ کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں، بلوچستان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہ ہے ،گوادر میں دو اسٹیڈیم تعمیر کرنے جا رہے ہیں جبکہ کوئٹہ میں کرکٹ اکیڈمی تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعہ کو وزیراعلیٰ ہاوس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اونر ندیم عمر کی قیادت میں وفد سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں صوبے میں کرکٹ اور فٹبال کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی ۔ملاقات میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمرنے کہا کہ گوادر میں ٹی ٹین پریمیئر لیگ کروانا چاہتے ہیں۔ لیگ میں ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کو مدعو کیا جائے گا۔انہو ں نے کہا کہ بلوچستان میں کرکٹ کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔کرکٹ کے فروغ کے لیے ہائی پرفارمینس سینٹر بنائیں گے۔
وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے ملاقات میں بات چیت کرت ہوئے کہا کہ کوئٹہ میں چار نئے اسپورٹس کمپلیکس تعمیر کر رہے ہیں جس سے صوبے میں کھیل کے شعبے میں نئی راہیں کھلیں گی۔اس موقع پر اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین ایم او یو پر دستخط کئے گئے۔وزیراعلی بلوچستان کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے وزیر اعلی کے نام کا کرکٹ شرٹ اور کھلاڑیوں کا دستخط شدہ بلہ بھی پیش کیا۔
اس موقع پر صوبائی وزراء میر عارف جان محمد حسنی، سردار عبد الرحمان کھیتران، میر سلیم احمد کھوسہ، میر ضیاء اللہ لانگو، پارلیمانی سیکرٹریز مبین خان خلجی، ماہ جبین شیران، اراکین اسمبلی اصغر خان اچکزئی، قادر نائل، سیکرٹری کھیل عمران گچکی، ڈی جی اسپورٹس درا بلوچ، کرکٹر عبدالناصر و دیگر موجود تھے ۔