ملتان کی تعمیر و ترقی کے لئے فنڈز کی کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

31

ملتان 10جولائی ( ا ے پی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے قومی تعمیر کے محکموں سے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کے پی سی ون کی تیاری شروع کردی جائے تاکہ پرجیکٹس تاخیر کا شکار نہ ہوں۔ملتان کی تعمیر و ترقی کے لئے فنڈز کی کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔ ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ایم این اے کے حلقے کیلئے35 کروڑ روپے کے فنڈ جاری کئے جارہے ہیں۔یہ بات انہوں نے ڈسڑکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ شہر میں ٹریفک مسائل کے حل کے لئے منڈیوں اور ٹرک اڈوں کا شہر سے باہر منتقل ہونا ضروری ہے،ایم ڈی اے منڈیوں کو شہر سے باہر منتقل کرنے کے حوالے سے مختلف تجاویز تیار کرے۔اس کے علاوہ ایم ڈی اے شہر کے ماسٹر پلان پر نظر ثانی کے لئے منتخب ممبران اسمبلی کواعتماد میں لے۔انہوں نے کہا کہ گراس منڈی فلائی اوور کے منصوبے میں حائل رکاوٹوں کو جلد دور کیا جائے۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تغلق ٹاون شاہ رکن عالم کالونی میں ریلوے لائن پر عوام کی سہولت کے لئے انڈر پاس تعمیر کیا جائے گا جبکہ سمیجہ آباد میں نیا ڈگری کالج تعمیر کیا جائے گا۔وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ ایم ڈی اے شہر کے ماسٹر پلان بارے اربن یونٹ سے مدد حاصل کرے۔اور مستقبل کی50 سالہ ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے شہر کے ماسٹر پلان پرنظر ثانی کی جائے۔وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ ایم ڈی اے سے لودھی کالونی تک سڑک کو دو رویہ کرنے کے لئے1 ارب روپے فراہم کر دئے گئے ہیں،اسی طرح ان کی سفارش پر عید گاہ سے چوک کمہاراں والا تک دونوں اطراف سے  سڑک کشادہ کرنے کے لئے بھی 1 ارب مختص کر دئے گئے ہیں۔ملک احمد حسن ڈیہڑ ایم این اے نے کہا کہ وومن یونیورسٹی کے قریب ریسکیو اسٹیشن کی تعمیر کے لئے بطور عطیہ زمین وقف کر دی ہے جبکہ بوسن ٹھوکر پر ریسکیو اسٹیشن قائم کرنے کے لئے ایم این اے فنڈ سے4 کروڑ روپے فراہم کر دئے ہیں۔پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و ثقافت محمد ندیم قریشی نے کہا کہ لکڑ منڈی ریلوے لائن پر انڈر پاس کے منصوبے کا ڈیزائن جلد تیار کرایا جائے،ٹمبر مارکیٹ میں بنیادی مرکز صحت کی اپ گریڈیشن اور اعوان پورہ میں آئی ہسپتال کی تعمیر کے لئے زمین ایکوائر کی جائے۔انہوں نے بتایا کہ شیدی لال پل کی مرمت کے لئے حکومت نے 7 کروڑ روپے کے فنڈز مختص کر دئے ہیں۔