فیصل آباد۔10جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیربرائے تجارت، ٹیکسٹائل و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤدنے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کیلئے ڈی ایل ٹی ایل آئندہ بھی جاری رہے گا تاکہ ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل کی ایکسپورٹ مزید بڑھ سکے اور چونکہ ویلیو ایڈڈٹیکسٹائل سیکٹر کا معیشت کی بہتری میں اہم کردار ہے اسلئے ہماری کوشش ہے کہ یارن کی ایکسپورٹ کومزید کم کیا جائے جبکہ صنعتکاروں کا سب سے بڑا مسئلہ سیلز ٹیکس زیرو ریٹڈہے جس کیلئے ضروری اقدامات کریں گے۔ہفتہ کو پاکستان ہوزری مینوفیکچرزز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نارتھ زون ہیڈ کوارٹرفیصل آباد کے دورہ کے موقع پرایسوسی ایشن کے عہدیداران و ممبران سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹرزکے سب سے بڑے مسئلہ سیلز ٹیکس زیرو ریٹڈپر وہ خود وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر خزانہ شوکت ترین سے بات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کیلئے بجلی 9 سینٹ فی کلو واٹ آور اور گیس 6.5 دالر فیایم ایم بی ٹی یو پر دی جائے گی۔قبل ازیں خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے سینئر وائس چیئرمین میاں فرخ اقبال نے پی ایچ ایم اے کا مختصر تعارف کروایا اور بتایا کہ پی ایچ ایم اے نٹڈگارمنٹس برآمد کرنے والی سب سے بڑی اور منتخب تنظیم ہے اورپاکستان بھر میں اس کی ممبر کمپنیوں کی تعداد 2000 سے زائد اور اس ایسوسی ایشن کو ملک میں سب سے زیادہ روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پی ایچ ایم اے کے ممبر ان سالانہ 3.5 ارب ڈالرسے بھی زیادہ کا زرمبادلہ کماتے ہیں جبکہ ایسوسی ایشن کے دفاتر فیصل آباد کے علاوہ کراچی، لاہور اور سیالکوٹ میں بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ایسو سی ایشن نے 11ماہ میں ایکسپورٹ میں 33فیصداضافہ کیا جبکہ مئی کے مہینے میں ہماری گروتھ62 فیصدسے بھی زیادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور ان کی ٹیکنیکل ٹیم جس کو آپ لیڈ کررہے ہیں کی کوششوں سے پاکستان نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ 25.3بلین ڈالرز ایکسپورٹ کا ٹارگٹ پورا کیا جو بڑی خوش آئند بات ہے مگر اس کو بڑھانے کیلئے ضروری ہے کہ حکومت17 فیصدسیلز ٹیکس کو زیرو ریٹ کرے جبکہ ڈی ایل ٹی ایل کی ادائیگی کسٹم ریبیٹ کی طرح آٹومائزکیا جائے اورساتھ ہی ساتھ ڈی ایل ٹی ایل کے ریٹ کو بھی بڑھایا جائے۔ اجلاس میں فیصل محبوب شیخ چیئرمین پی ایچ ایم اے نارتھ زون، محمد امجد خواجہ، ناہد عباس،کاشف ضیا،حافظ راشد محمود، محمد زبیر، محمد ادریس پنسوتا،حافظ اکبر، مبین عالم، منیب طارق، ظفر اقبال سرور، ڈی جی منسٹری آف ٹیکسٹائل کنور عثمان، میاں آصف اقبال و دیگر ممبران نے بھی شرکت کی۔آخر میں معزز مہمان وزیر اعظم کے مشیربرائے تجارت، ٹیکسٹائل و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤدکوچوہدری سلامت علی نے پی ایچ ایم اے کی اعزازی شیلڈ پیش کی۔