تاجکستان،12 جولائی (اے پی پی ): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی تین روزہ سرکاری دورے پر تاجکستان پہنچ گئے،دوشنبے انٹرنیشنل ہوائی اڈے پر تاجکستان کے نائب وزیر خارجہ شرف شیر علی زادہ، تاجکستان میں تعینات پاکستانی سفیر عمران حیدر اور پاکستانی سفارتخانے کے سینئر افسران نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔
وزیر خارجہ دوشنبے میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔وزیر خارجہ شنگھائی تعاون تنظیم کے، افغانستان کیلئے وزرائے خارجہ کنٹکٹ گروپ کے اجلاس میں شرکت کریں گے اور افغانستان کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال پر پاکستان کا نکتہ نظر پیش کریں گے۔
وزیر خارجہ شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر روس، چین، تاجکستان ،ازبکستان ،کرغزستان سمیت مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کریں گےوزیر خارجہ، تاجکستان کے صدارتی محل میں تاجک صدر امام علی رحمان سے ملاقات کریں گےوزیر خارجہ دوشنبے میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے موقع پر مقامی و بین الاقوامی میڈیا نمائندگان سے گفتگو کریں گے اور مختلف علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کا نکتہ نظر پیش کریں گے۔
توقع ہے کہ وزیر خارجہ کا دورہ ء تاجکستان، دو طرفہ تعلقات، علاقائی تعاون کے فروغ اور افغانستان میں قیام امن کیلئے مشترکہ کاوشوں کے حوالے سے اہم ثابت ہو گا۔