کراچی۔12جولائی (اے پی پی):صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ جدید دورسے خود کو ہم آہنگ کرنے کیلئے ضروری ہے کہ وقت کے تقاضوں کو پورا کیا جائے، اس کی ضروریات اور تیزی سے بدلتی ٹیکنالوجی کو اپنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں مقامی ہوٹل میں بے نظیرآباد، خیرپور اور نوشہرو فیروز کیلئے آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کے منصوبے کی دستخطی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ منصوبے پر مجموعی طور پر2 ارب 10 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ صدرمملکت نے کہا کہ وزیراعظم کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کا مقصد پاکستان کو ٹیکنالوجی کی اس دوڑ میں شامل کرنا ہے، اس مقصد کیلئے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کا کردار مثالی ہے جو اس مشکل ترین ٹاسک کو پورا کرنے کیلئے اپنی تمام کوششیں اور وسائل کو بروئے کار لارہی ہے۔
اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں ترقی کی ڈیجیٹل راہیں کھل رہی ہیں اور ڈیجیٹل اکانومی بھی تیزی سے پھیل رہی ہے۔ ابھرتے ہوئے مواقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے پاکستان کا مواصلاتی نظام بہتر اور تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی ٹاپ کمپنیوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سے وابستہ کمپنیاں ہیں اور پاکستان کو بھی تیز ترقی کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے پر توجہ دینا ہو گی۔ پاکستان کی کامیابی اور ترقی انفارمیشن ٹیکنالوجی سے وابستہ ہے۔ پاکستان میں نوجوانوں کی بڑی تعداد ہماری اصل طاقت اور سرمایہ ہے اور نوجوانوں کو آئی ٹی کی تعلیم دے کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ کورونا کے باوجود پاکستان کی معیشت مثبت راہ پر گامزن ہے اور پاکستانی کی ترقی کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے۔
صدر مملکت نے وفاقی وزیر سید امین الحق کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی وہ شعبہ ہے جو ملک میں روزگار کے لاکھوں مواقع پیدا کرنے کے ساتھ معیشت کو استحکام دینے میں نمایاں کردار ادا کرسکتا ہے ۔وفاقی وزیرآئی ٹی سید امین الحق نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ تقریب میں سیکریٹری آئی ٹی ڈاکٹر سہیل راجپوت سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔ معاہدے پر یونیورسل سروس فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حارث محمود چوہدری اور پی ٹی سی ایل کے قائم مقام چیف ایگزیکٹو ندیم خان نے دستخط کئے۔