صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو کی زیر صدارت امن و امان کی موجودہ صورتحال سے متعلق اعلیٰ سطح  اجلاس منعقد

90

کوئٹہ12جولائی(اے پی پی ): صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو کی زیر صدارت صوبہ بھر میں امن و امان کی موجودہ صورتحال، سے متعلق اعلیٰ سطح  اجلاس منعقد ہوا-اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان  مطہر نیاز رانا نے اسلام آباد سے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی -اجلاس میں صوبہ بھر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے اجلاس کو صوبے میں امن و امان،پرائیویٹ سیکورٹی گارڈ کی مجموعی اعدادوشمار،اور صوبے بھر میں چیک پوسٹوں کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی-وزیر داخلہ نے حالیہ دنوں میں صوبے کے مختلف اضلاع میں پرائیویٹ سکیورٹی گارڈکی اسلحہ نماہش اور کالے شیشوں کی نمائش پر تشویش کا اظہار کیا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو نے کہا اسلحے کی نمائش ، ہوائی فائرنگ ، منشیات کی خرید و فروخت اور دیگر سماج دشمن سرگرمیوں کے خلاف سخت کاروائیاں عمل میں لائی جائیں اور  شرپسند عناصر پرکڑی نظر رکھی جائے اور منتخب عوامی نمائندوں کے ساتھ ڈیوٹی پرمامور پولیس اہلکاروں کی سول کپڑوں میں ڈیوٹی پر پابندی لگائی جائے اورصوبے کو غیر قانونی اسلحے  پرائیویٹ سیکورٹی گارڈز اور منشیات سے مکمل طور پر پاک کیا جائے گا – وزیر داخلہ نے متعلقہ حکام کو اس طرح کے واقعات کے موثر روک تھام کے لئے ایک جامع حکمت عملی کے تحت ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی

اجلاس میں صوبے بھر میں اسلحہ کی نماہش  پر پابندی کا بھی اصولی فیصلہ کیا گیا تاہم اس سلسلے میں حتمی فیصلے کے لئے صوبائی کابینہ کو کیس ارسال کیاجائے گا, صوبائی حکومت امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے سلسلے میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو مزید مستحکم کرنے کے لئے ہر ممکن وسائل فراہم کرے گی- اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان مطر نیاز رانا ، انسپکٹر جنرل پولیس محمد طاہر راے ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ ارشد مجید ،  کمشنرکوئٹہ ڈویژن اسفندیار کاکڑ، ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس اظہر اکرام ، محکمہ داخلہ اور پولیس کے دیگر اعلیٰ حکام نےشرکت کی۔