اسلام آباد۔12جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو آزاد کشمیر کے انتخاب میں میدان چھوڑ کر بھاگ گئے، مریم نواز بھی جلد ہی انتخابی مہم سے راہ فرار اختیار کریں گی۔ ن لیگ کی جانب سے آزاد کشمیر الیکشن میں قبل از وقت دھاندلی کا شوشہ سمجھ سے باہر ہے، آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کی پوزیشن مستحکم ہے، پیپلز پارٹی کے صرف آٹھ امیدوار آزاد کشمیر الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں، مریم صفدر کو کشمیر کے حوالے سے کچھ علم نہیں، چیف جسٹس سپریم کورٹ سے ہائی پروفائل مقدمات کے اوپن ٹرائل کی اپیل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر اور وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کشمیر کے اندر پی ٹی آئی کی پوزیشن مستحکم ہے، پی ٹی آئی وہ واحد جماعت ہے جو کشمیر الیکشن میں ہر نشست پر اپنے امیدوار کھڑے کر سکی ہے، اس کے علاوہ کوئی اور سیاسی جماعت وہاں پر تمام نشستوں پر امیدوار ہی نہیں کھڑے کر سکی، بلاول بھٹو کو جب پتہ چلا کہ کشمیر الیکشن میں ان کے امیدوار ہی پورے نہیں تو وہ وہاں سے بھاگ گئے۔ پیپلز پارٹی کے صرف آٹھ حلقوں میں امیدوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر الیکشن مہم میں بلاول بھٹو کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، وہ مہم ادھوری چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مریم نواز کے پاس کوئی پالیسی نہیں، انہیں کشمیر کی تاریخ کا علم ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں نے کشمیریوں کے لئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ مریم نواز کشمیر میں جو پرچار کر رہی ہیں اس کا نہ سر ہے نہ پائوں۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے ابھی سے الیکشن میں دھاندلی کا واویلا مچانا شروع کر دیا ہے کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ کشمیر کے اندر ان کی سیاسی پوزیشن نہ ہونے کے برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد مریم نواز بھی الیکشن مہم سے راہ فرار اختیار کریں گی۔