اسلام آباد۔12جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ افغانستان میں پائیدار امن کے لئے عالمی برادری نے پاکستان کی کاوشوں کی تعریف کی ہے، وزیراعظم عمران خان نے واضح کیا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ صرف امن کا شراکت دار ہوگا، ن لیگ کی جانب سے آزاد کشمیر الیکشن میں قبل از وقت دھاندلی کا شوشہ سمجھ سے باہر ہے، آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کی پوزیشن مستحکم ہے، پیپلز پارٹی کے صرف آٹھ امیدوار آزاد کشمیر الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں، مریم صفدر کو کشمیر کے حوالے سے کچھ علم نہیں، چیف جسٹس سپریم کورٹ سے ہائی پروفائل مقدمات کے اوپن ٹرائل کی اپیل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر اور وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہو، ہم افغانستان کی صورتحال کا قریبی جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ، روس، چین سمیت عالمی طاقتیں افغانستان کے اندر پاکستان کے کردار کو سراہ رہی ہیں، وزیراعظم عمران خان نے جس طرح پالیسی بیان دیا کہ ہم امن میں تو پارٹنر ہوں گے لیکن تنازعہ میں پارٹنر شپ نہیں کریں گے، یہی اصول عمران خان نے طے کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے بارے میں پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں تمام سیاسی جماعتوں نے اسی موقف کی حمایت کی۔ افغانستان کے حوالے سے ہماری پالیسی واضح ہے اور ہم اسی طرف بڑھ رہے ہیں۔