کوئٹہ 12جولائی(اے پی پی): وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت پی ایس ڈی پی 22-2021 پر پیشرفت سے متعلق اجلاس منعقد ہوا -اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام 22-2021 میں شامل نئے اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا-ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی ترقیات حافظ عبد الباسط نے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا کہ مالی سال 22-2021 کے ترقیاتی پروگرام میں 3811 منصوبے میں شامل ہے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں 2286 نئے اور 1525جاری منصوبے شامل ہیں۔
ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ اینڈ ایلولوشن کے لیے باقاعدہ کلینڈر 22-2021 کا اجراء کیا گیا۔ نئے ترقیاتی منصوبوں کے بروقت آغاز اور ان پر تیز رفتار عملدرآمد کے لیے جامع حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا کہ منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل کو ہرصورت یقینی بنایا جائے۔ موجودہ صوبائی حکومت نے نئے مالی سال کے آغاز سے ہی ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد شروع کرنے کی روایت ڈال دی ہے اور ترقیاتی عمل کے ثمرات بروقت عوام تک پہنچانے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات حافظ عبد الباسط، وزیراعلی کے پرنسپل سیکرٹری زاہد سلیم، سیکرٹری بلڈنگ غلام علی بلوچ، سیکرٹری خزانہ عبدالرحمان بزدار، و دیگر حکام نے شرکت کی۔